چینی قونصلیٹ کی جانب سے لاہور چیمبر میں ریڈنگ روم کا قیام

دوستی اور سفارتی خیر سگالی کے طور پر چینی قونصلیٹ لاہور نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ایک ریڈنگ روم قائم کیا ہے جس کا مقصد چینی ثقافت سے بہترین طریقے سے روشناس کرانا اورآگاہی دینا ہے ۔اس سلسلے میں لاہور میں چین کے قونصل جنرل ژائو شیرین نے لاہور چیمبر میں قائم ریڈنگ روم کا دورہ کیا اورثقافتی تبادلے اور باہمی افہام و تفہیم کے فروغ میں کی گئی پیشرفت کو سراہا۔مزید برآں چینی قونصل جنرل نے ایل سی سی آئی کی ون ونڈو سروس کا دورہ کیا جہاں انہوں نے تاجر برادری کی سہولت کے لیے ایل سی سی آئی کی انتھک کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ ون ونڈو سروس کاروبار میں آسانی ، بیوروکریٹک رکاوٹوں کو کم کرنے اور اقتصادی ترقی کے لیے سازگار ماحول کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ہے ۔لاہور میں قونصل جنرل ژا ئوشیرین نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور چینی قونصلیٹ کے درمیان مضبوط اور پائیدار تعلقات پر زور دیا۔ لاہور چیمبر کے دورے کے دوران ژا ئوشیرین نے مشترکہ مفادات کو فروغ دینے اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو پروان چڑھانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے چینی قونصلیٹ کے کمرشل قونصلر یان یانگ کو ایل سی سی آئی اور چینی قونصلیٹ کے درمیان فوکل پرسن بھی مقرر کیا۔اس موقع پر لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے ایل سی سی آئی اور چین کے درمیان مضبوط اور بڑھتے ہوئے تعلقات پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے چینی سفیر اور قونصل جنرل کو ایل سی سی آئی کے ساتھ زیادہ سے زیادہ تعاون کی مزید راہیں تلاش کرنے کے حوالے سے دعوت دی ۔انہوں نے ایل سی سی آئی میں چینی قومی دن کو منانے کے ارادے کا بھی اعلان کیا جو دونوں ممالک کے درمیان گہری دوستی کی علامت ہے۔کاشف انور نے کہا کہ چینی قونصل جنرل کا یہ دورہ لاہور کی تاجر برادری کے ساتھ پاکستان اور چین کے درمیان پائیدار شراکت داری کا ثبوت ہے جو اقتصادی تعلقات کے ساتھ ساتھ ثقافت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔