چینی قونصل جنرل کا پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کا دورہ

چین کی حکومت پنجاب کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھائے گی،ہماری کوشش ہے کہ دو طرفہ معاشی تعاون کو مزید بڑھایا جائے ، چین کی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری میں بھرپور دلچسپی رکھتی ہیں،ہماری خوشیاں اور دکھ سانجھے ہیں،عوامی سطح پر باہمی رابطے مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار لاہور میں تعینات چینی قونصل جنرل ژائو شیرین نے پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے دفتر کے دورہ کے موقع پر نگران صوبائی وزیر صنعت ،تجارت و توانائی ایس ایم تنویر سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب سرمایہ کاری بورڈ جلال حسن خان،ڈائریکٹر سہیل قادری اور دیگر بھی موجود تھے۔اس موقع پر چین کی نئے سال کی تقریبات کے حوالے سے کیک بھی کاٹا گیا ۔ملاقات میں دو طرفہ معاشی تعاون، چین کی کمپنیوں کی سرمایہ کاری اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی بات چیت ہوئی۔

ملاقات کے دوران مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر بھی اتفاق ہوا۔ اس موقع پر سی ای او پنجاب سرمایہ کاری بورڈ جلال حسن خان نے پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقعوں اور چین او رپنجاب کے مابین معاشی تعاون بڑھانے کے حوالے سے بریفنگ دی۔صوبائی وزیر صنعت ،تجارت و توانائی ایس ایم تنویر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اورچین کے مابین دوستی کا لازوال رشتہ موجود ہے۔دونوں کے مابین بڑھتا ہوا معاشی تعاون دوستی کو مزید مضبوط بنارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں زراعت، توانائی، صنعت،خوراک اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانا ت موجود ہیں۔متعدد چینی کمپنیوں نے پنجاب میں بڑی سرمایہ کاری کررکھی ہے۔ انہوںنے کہا کہ پنجاب سموگ سے نمٹنے کے لئے چین کی ٹیکنالوجی سے بھی فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ صوبے میں چین کی کمپنیوں کی مزید سرمایہ کاری کا خیر مقدم کریں گے۔