چینی موبائل کمپنیاں پاکستان میں کامیاب

چینی کمپنیوں کی جانب سے مقامی سطح پر موبائل فون کی تیاری کی وجہ سے پاکستان کے موبائل فونزکے درآمدی بل کے حجم میں بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے ،چینی کمپنیاں 2022 میں پاکستان میں ٹاپ ٹین فون مینوفیکچررز کی فہرست میںبھی شامل ہیں اورچینی کمپنیوں نے گزشتہ سال پاکستان میں 21.94 ملین فونز کا ایک بڑا حصہ اسمبل / تیار کیا ہے۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابقآئی ٹیل موبائل پاکستان مسلسل دوسرے سال 3.03 ملین یونٹس کے ساتھ فہرست میں سب سے اوپر موبائل فون بنانے والی کمپنی رہی ۔کمپنی نے مقامی طور پر 3.03 ملین سیٹ اسمبل/ تیار کیے جبکہ اسی چینی کمپنی نے 2021 میں 4.40 ملین یونٹ اسمبل/ تیار کیے تھے۔ 2020 میں مذکورہ ادارہ 0.34 ملین موبائل سیٹ کے ساتھ ٹاپ ٹین مینوفیکچررز کی فہرست میں 9 ویں نمبر پر تھا۔ 2021 میں یہ مقامی مینوفیکچررز کی فہرست میں سرفہرست رہا اور 2022 میں اپنی پوزیشن برقرار رکھی۔پی ٹی اے کے اعدادوشمار کے مطابق، چین کی ویگو ٹیل نے 2022 میں 2.40 ملین موبائل فون سیٹس کے ساتھ دس موبائل مینوفیکچررز کی فہرست میں اپنی دوسری پوزیشن برقرار رکھی ہے۔

مذکورہ کمپنی نے2021 میں 3.17 ملین موبائل فون سیٹ اسمبل / تیار کیے تھے جبکہ 2020 میں کمپنی 1.63 ملین سیٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی۔2022 میں چین کی اور کمپنی ویوو اپنی ہم عصر چینی کمپنی انفلیکس کو تیسرے سے چوتھی پوزیشن پر دھکیلتے ہوئے تیسری پوزیشن پر پہنچ گئی۔ گزشتہ سال ویوو نے نے 1.72 ملین سے زیادہ موبائل فونز اسمبل/مینوفیکچر کیے تاہم انفلیکس انتہائی تھوڑے مارجن سے چوتھے نمبر پر ہے ۔ 2021 میں انفلیکس نے3.00 ملین فون سیٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر تھا جبکہ ویوونے 2.76 ملین فونز اسمبل/مینوفیکچر کیے تھے۔چین کی ٹیکنو موبائل کمپنی 2021 میں 5ویں پوزیشن سے 2022 میں 8ویں پوزیشن پر آ گئی ہے۔چینی سمارٹ فون کمپنی اوپو 2022 کے دوران 1.34 ملین موبائل فونز کی اسمبلنگ/ مینوفیکچرنگ کے ذریعے پاکستان میں چھٹے سب سے بڑے موبائل فون بنانے والی کمپنی کے طور پر ابھری ہے۔

اسی طرح، فن لینڈ کا نوکیا اور جنوبی کوریا کا سام سنگ 2022 میں ٹاپ ٹین موبائل فون مینوفیکچررز کی فہرست میں 5ویں اور 7ویں نمبر پر ہے۔ نوکیا اور سام سنگ نے بالترتیب 1.46 ملین اور 1.19 ملین فون سیٹ اسمبل/ تیار کئے۔ اوپو، نوکیا اور سام سنگ 2021میںٹاپ ٹین فون مینوفیکچررز کی فہرست میں شامل نہیں تھے۔پی ٹی اے کے مطابق پاکستان میں کم از کم 21.94 ملین فون سیٹ اسمبل / تیار کیے گئے جبکہ 1.53 ملین موبائل فون تجارتی طور پر ملک میں درآمد کیے گئے۔ 2021 میں مقامی طور پر اسمبل/تیار کردہ فون سیٹس کی تعداد 24.66 ملین تھی جبکہ ملک نے تجارتی طور پر 10.26 ملین سیٹ درآمد کیے تھے۔ بڑھتی ہوئی مقامی مینوفیکچرنگ کی وجہ سے تجارتی طور پر درآمدی سیٹس کی تعداد میں بہت زیادہ کمی آئی ہے 2020 میں، پاکستان نے 24.51 ملین فون سیٹ درآمد کیے جو 2022 میں کم ہو رک محض 1.53 ملین رہ گئے۔