چینی گروپ کاپنجاب میں پلانٹ لگانے کا عندیہ

چین کے ایک بڑے گروپ نے پنجاب میں وسیع پیمانے پر سرمایہ کاری کرنے کا عندیہ دیا ہے جس کے تحت پنجاب میں مصنوعات کی تیاری کے لئے جدید پلانٹ لگایا جائے گا ،مذکورہ گروپ نے پنجاب میں توانائی، صحت اور ٹیکنیکل ٹریننگ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا ہے ۔

نگران صوبائی وزیر صنعت ، تجارت و توانائی ایس ایم تنویر سے پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے دفتر میں چین کے سرمایہ کاروں کے وفدنے ملاقات کی-وفد کی قیادت ٹائنزگروپ چائنہ کے صدر ژانگ ژانگ تاکررہے تھے ۔ملاقات کے دوران توانائی، صحت اور ٹیکنیکل ٹریننگ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ۔ صدرٹائنز گروپ ژانگ ژانگ تاکرنے کہا کہ ہمارا گروپ پاکستان میں اپنی کاروباری سرگرمیاں بڑھانا چاہتا ہے اوریہاں مصنوعات کی تیاری کا پلانٹ لگانا چاہتے ہیں ۔نگران صوبائی وزیر صنعت ، تجارت و توانائی ایس ایم تنویر نے کہاکہ ٹائنز گروپ سپیشل اکنامک زونز میں فیکٹریاں لگائے ہرممکن تعاون کریں گے –

یہ گروپ ہنر مند افرادی قوت کی تیاری میں بھی تعاون کرسکتا ہے ۔توانائی سیکٹرمیں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجو دہیں۔انہو ں نے کہاکہ ٹائنز گروپ پاکستانی کمپنیوں کے ساتھ جوائنٹ ونچر بھی کرسکتا ہے اس کیلئے ہر ممکن سہولت دیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب میں الیکٹرک وہیکلز کی تیاری میں بھی سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب سرمایہ کاری بورڈ جلال حسن خان نے پنجاب میں چینی کمپنیوں کی سرمایہ کاری اور موجود مواقعوں بارے تفصیلی بریفنگ دی۔انہو ں نے بتایاکہ پنجاب میں 13 سپیشل اکنامک زونز بن چکے جبکہ 6 مزید پائپ لائن میں ہیں ۔چین سمیت دیگر تمام غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سکیورٹی اور دیگر ہرممکن سہولتیں دی جارہی ہیں ۔وفد میں ٹائنز گروپ کے مسٹر وانگ فائے،مسٹر والٹن وانگ،مس وکی گا اور دیگر شامل تھے۔