معظم گھرکی کاتھنک ٹینک سیشن سے خطاب

ملک میں پہلے سے کام کرنے والی چینی کمپنیوں کی مدد سے پاکستان آن لائن کاروبار میں انقلاب لا سکتا ہے،پاکستان میں دس لیگل فن ٹیک کمپنیاں کام کر رہی ہیں ان میں سے چار چینی کمپنیاں ہیں جن میں سیڈ کریڈ فنانشل سروسز، مائیکرو کریڈ فنانشل سروسز لمیٹڈ اور ہمرا فنانشل سروسز لمیٹڈ ملک میں سرگرم ہیں۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان چائنا جوائنٹ چیمبر آف کامرس انڈسٹری کے صدر معظم گھرکی نے پی سی جے سی سی آئی سیکرٹریٹ میں منعقدہ تھنک ٹینک سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوںنے کہا کہ یہ کمپنیاں پاکستانی فن ٹیک انڈسٹری کو وی چیٹ اورعلیپے سے بھی جوڑ سکتی ہیں، وی چیٹ نے پہلے ہی چین میں آن لائن کاروبار میں انقلاب برپا کر دیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ان برانڈز کو پاکستان کی فن ٹیک انڈسٹری اور سرکاری مالیاتی اداروں کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

پی سی جے سی سی آئی کے سینئر نائب صدر فانگ یولونگ نے کہا کہ کوئی بھی پاکستانی فن ٹیک کمپنی جیسے کہ یو بی ایل اومنی، جاز کیش اور ایزی پیسہ وغیرہ کو وی چیٹ کی طرز پر تیار کیا جا سکتا ہے۔فی الحال، مقامی فنٹیک کمپنیاں بین الاقوامی فنٹیک فرموں کے مخالف سمت میں آگے بڑھ رہی ہیں۔ہمیں ہم آہنگی پیدا کرنے اور اسے ایک منفرد اور مشترکہ پلیٹ فارم بنانے کی ضرورت ہے، جو ہر کسی کے لیے قابل رسائی ہو۔ پاکستان میں فور جی سسٹم اچھا ہے اور یہ فائیو جی کی طرف بھی بڑھ رہا ہے۔

پاکستان کو اپنے نیٹ ورک کو نئی ٹیکنالوجی کے قابل بنانا چاہیے۔پی سی جے سی سی آئی کے نائب صدر حمزہ خالد نے کہا کہ ہمیں انسانی وسائل کی ترقی کے لیے پاکستان کے نوجوانوں کو شامل کرنا چاہیے۔ہم تکنیکی منتقلی کے لیے چینی ٹرینرز کے ساتھ مل کر تربیتی کورسز بھی متعارف کروا سکتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وی چیٹ انتظامیہ کی طرف سے ویلتھ پی کے کو فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق، فرم کے ماہانہ سودے 3.7 فیصد اضافے کے ساتھ 1.309 بلین تک پہنچ گئے۔ گزشتہ سال جنوری میں وی چیٹ اوپن کلاس نے میڈیا کے سامنے انکشاف کیا کہ کمپنی کے منی پروگرام بیرون ملک کاروبار میں تیزی سے بڑھ رہے ہیں، ماہانہ سودوں کی تعداد میں 268 فیصد اضافہ ہوا ہے، اور روزانہ کی لین دین کی ماہانہ اوسط تعداد میں 897 فیصد اضافہ ہو رہا ہے۔اس طرح ہم اپنی کمپنیوں کو اپنی معیشت پر فخر کرنے اور اپنے لوگوں کو سہولت فراہم کرنے کی تربیت بھی دے سکتے ہیں۔پی سی جے سی سی آئی کے سیکرٹری جنرل صلاح الدین حنیف نے کہا کہ لوگوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کا یہ بہترین وقت ہے۔ لوگوں کے پاس پہلے سے ہی جدید ترین موبائل فون، مقامی مشینیں اور جدید آلات موجود ہیں لہٰذاانہیں صرف اپنی صلاحیتوں کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔