گوادر، بلیو اکانومی سے متعلق 7ایم او یوز پر دستخط

چائنا اوورسیز پورٹس ہولڈنگ کمپنی اور گوادر پورٹ اتھارٹی نے کراچی ایکسپو سینٹر میں منعقد ہونے والے پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس کے پہلے ایڈیشن میں شرکت کی جس میں چائنا اوورسیز پورٹس ہولڈنگ کمپنی نے مفاہمت کی سات یادداشتوں پر دستخط کئے ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بانی وائس آف گوادر اور سابق ڈپٹی کنوینر میری ٹائم افیئرز اینڈ گوادر ڈویلپمنٹ سنٹرل اسٹینڈنگ کمیٹی فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری قاضی عبدالمجیدنیکہا کہ ہم قابل تجدید توانائی، تعلیم اور ساحلی سیاحت کے شعبوں میں مفاہمت کی سات یادداشتوںپر دستخط کر رہے ہیں۔ کنٹری ہیڈ شہزاد سلطان نے اپنی ٹیم کے ہمراہ گوادر، گوادر فری زون اور چین پاکستان اقتصادی راہداری میں مواقع کے بارے میں تازہ ترین پیشرفت کی رپورٹ بھی فراہم کی۔بلوچستان کے خصوصی پویلین بین الاقوامی ایونٹ میں نمایاں رہا جس کا مقصد میری ٹائم سیکٹر میں سرمایہ کاری کو فروغ دینا تھا۔

گوادر یونیورسٹی کے وفد نے بھی پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اور کانفرنس میں بھی شرکت کی۔ گوادر کے ایک نوجوان تاجر موسی نے گوادر کی سمندری غذائوں کو فروغ دینے کے لیے منفرد سٹال قائم کیا۔3 روزہ نمائش میں 21 بین الاقوامی ،112 مقامی کمپنیوں اور بین الاقوامی تنظیموں سمیت تقریباً 133 نمائش کنندگان نے شرکت کی۔اس کے علاوہ بحرین، سعودی عرب، قطر، عمان، ترکی، برطانیہ، اٹلی، جرمنی، پرتگال، امریکہ، کولمبیا، سری لنکا، ملائیشیا، گیمبیا، گنی بسا، ماریشس، مڈغاسکر، سیشلز اور قازقستان سمیت 17 ممالک کے 37 وفود نے خصوصی شرکت کی۔ اس کانفرنس اور نمائش کا بنیادی مقصد بلیو اکانومی کے لیے پاکستان کی صلاحیت کو اجاگر کرنا اور میری ٹائم انڈسٹری کو پبلک اور پرائیویٹ دونوں شعبوں میں ایک ہی فورم پر مصنوعات کی نمائش کے مواقع فراہم کرنا تھا۔شرکاء کے مطابق اس ایونٹ نے پاکستان کی میری ٹائم اور دفاعی صنعتوں کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے مشترکہ منصوبوں، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور تحقیق کے لیے بین الاقوامی میری ٹائم انڈسٹری کے ساتھ بات چیت کا ایک پلیٹ فارم فراہم کیا۔