گوادرمیں پینے کے صاف پانی کے منصوبے

چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی نے گوادر کا دورہ کیا اور ادارہ ترقیات گوادر کے تحت شہر میںجاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ کیا۔چیف سیکرٹری نے سیوریج اورپینے کے صاف پانی کے مسائل دور کرنے کیلئے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ اور شہر کے مختلف حصوں میں زیر تعمیر واٹر اسٹوریج ٹینک اور پائپ لائن کے منصوبے کا بھی جائزہ لیا ۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے مجیب الرحمن قمبرانی نے بتایا جی ڈی اے روزانہ بلا تعطل 30 لاکھ گیلن پانی شادی کور اور سوڈ ڈیم سے ائیرپورٹ واٹر اسٹیشن تک فراہم کررہی ہے ۔جی ڈی اے نے پورے شہر میں ازسر نو پائپ لائن بچھانے کے اہم منصوبہ پر کام مکمل کیا ہے جبکہ شہر کے تین مختلف مقامات پر 35 لاکھ گیلن اسٹوریج انڈر گرائونڈ واٹر ٹینکس زیر تعمیر ہیں جو تکمیل کے مراحل میں ہیں۔سنٹرل پارک کے مقام پر زیر تعمیر 20 لاکھ گیلن اسٹوریج ٹینک سے گردونواح کی آبادی کو آزمائشی طور پر پانی سپلائی شروع کردی ہے جو کامیاب ہے ۔چیف سیکرٹری بلوچستان عبد العزیز عقیلی نے تمام عوامی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔