گوادر انرجی کوریڈور کی تعمیر جلد شروع

گوادر ”انرجی کوریڈو ر” کی تعمیر جلد شروع ہوگی ۔ گوادر سمارٹ پورٹ سٹی ماسٹر پلان کے فریم ورک کے تحت ایسٹ بے ایکسپریس وے کے ساتھ ساتھ ”انرجی کوریڈور”کے نام سے ایک بڑی شاہراہ تعمیر کی جائے گی ۔انرجی کوریڈور کو گوادر پورٹ، گوادر فری زون سائوتھ اور گوادر فری زون نارتھ تک پہنچنے والی زیر زمین پاور ٹرانسمیشن لائنوں کی تنصیب میں سہولت فراہم کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

مزید برآں کوریڈور سیوریج لائنوں اور پینے کے پانی کی پائپ لائنوں کے نظام کے لیے بنیادی ڈھانچہ فراہم کر ے گی ۔فی الحال گوادر کو پاکستان کے باقی حصوں سے جوڑنے کے لئے ریلوے کا نظام موجود نہیں ، ایک مجوزہ فزیبلٹی اسٹڈی میں انرجی کوریڈور کے ساتھ ریلوے ٹریک بچھانے کی سفارش کی گئی ہے۔گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ٹائون پلاننگ ڈیپارٹمنٹ کے ایک اہلکار عبدالرزاق نے گوادر پرو کو بتایا کہ انرجی کوریڈور کے ساتھ مختص جگہ کو پارکس بنانے کے لیے بھی استعمال کیا جائے گا۔

ماحولیاتی نظام کو بہتر کرنے اور کوریڈور کی خوبصورتی میں اضافہ کرنے کے لئے درخت بھی لگائے جائیں گے۔حال ہی میں جی ڈی اے کے ڈائریکٹر جنرل مجیب الرحمان قمبرانی نے تعمیراتی تیاریوں کی پیشرفت کا جائزہ لینے کے لیے انرجی کوریڈور کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران جی ڈی اے کے چیف انجینئر حاجی سید محمد نے انرجی کوریڈور کی اہمیت اور ممکنہ فوائد پر روشنی ڈالی۔اسٹریٹجک طور پر واقع انرجی کوریڈور پرانے رہائشی اور تجارتی علاقوں سے آسانی سے منسلک ہے،اس کوریڈور میں 5 کلومیٹر کی آف شوٹ سڑک ہوگی جو سید ظہور ہاشمی روڈ کو جوڑے گی۔