گوادر, ایک سالہ ڈپلومے کا آغاز

پاک چائنا ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ نے گوادر میں ایک سالہ ڈپلومے کا آغاز کردیا جس کے تحت 200طلبہ و طالبات کو بلا معاوضہ کورسز کرائے جائیں گے ۔پاک چائنا ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر سید منظور احمد نے انکشاف کیا کہ انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے پیش کیے جانے والے ایک سالہ ڈپلومہ کورسز میں میری ٹائم افیئرز اینڈ پورٹ مینجمنٹ، آئی ٹی، ای کامرس اور ہوٹل مینجمنٹ کے کورسز شامل ہیں ۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ان کورسز کے لیے تقریباً 200 طلبہ نے داخلہ لیا ہے جو انہیں شیڈونگ انسٹی ٹیوٹ آف کامرس اینڈ ٹیکنالوجی ، گوادر یونیورسٹی، گوادر پورٹ اتھارٹی اور چائنا اوورسیز پورٹ ہولڈنگ کمپنی کے تعاون سے کرائے جائیں گے ۔ گوادر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر عبدالرزاق صابر نے پاک چائناٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کلاسز کا باضابطہ افتتاح کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کورسز میں شمولیت اختیار کرنے والے طلبہ کو تمام ضروری سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی تاکہ وہ اپنے ہائی ٹیک علم میں اضافہ کر سکیں اور سخت مقابلہ کرنے والی مارکیٹ میں قیمتی اثاثہ بن سکیں۔چائنا اوورسیز پورٹ ہولڈنگ کمپنی کے چیئرمین یو بو نے پاک چائنا ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ کے ڈپلوموں اور کورسز کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے گوادر کے نوجوانوں کے لیے خاص طور پر خواتین کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لئے ان کی صلاحیت کو اجاگر کیا۔