گوادر, سپیشل اکنامک ڈسٹرکٹ کا درجہ دینے کی منظوری

بلوچستان حکومت نے گوادر کو سپیشل اکنامک ڈسٹرکٹ کا درجہ دینے کی منظوری دے دی ۔وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کی جانب سے ارسال کی جانے والی ایک سمری پر گوادر کو سپیشل اکنامک ڈسٹرکٹ کا درجہ دینے کی منظوری دی ۔

گوادر شہر کی ترقی، بندرگاہ سے متعلق سرگرمیوں بشمول سیاحت اور دیگر خدمات کے شعبوں کے لیے یہ اقدام ناگزیر تھا۔ گوادر کو سپیشل اکنامک ڈسٹرکٹ کا درجہ ملنے سے تجارت، سیاحت اور دیگر متعلقہ کاروبار جیسے کہ رئیل اسٹیٹ اور ہوٹلنگ کے شعبے ترقی کریں گے۔ اس فیصلے سے ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے سرمایہ کاروں کو دوستانہ ماحول بھی میسر آئے گا ۔یہ تجویز بھی دی گئی ہے کہ صنعتی سرگرمیوں کے لیے وفاقی اور صوبائی ٹیکسوں پر چھوٹ کی ترغیب اور سرمایہ کاروں کو ویزا پالیسی میں رعایت اور گوادر میں سرمایہ کاروں کو سبسڈی فراہم کی جائے۔