گوادر, مقامی طلبہ کیلئے مفت کورسز کا اعلان

پاک چائنا ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ اور یونیورسٹی آف گوادر نے گوادر کے نوجوانوں کو جدید لیبر مارکیٹ میں ملازمتوں سے آراستہ کرنے کے لیے تین ماہ کے مفت سرٹیفکیٹ کورسز کرانے کا اعلان کیا ہے۔ تربیتی کورسز نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کے تعاون سے وزیر اعظم یوتھ سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت کرائے جائیں گے۔

گوادر یونیورسٹی نے نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کے تعاون سے مقامی طلبہ کے لیے تین ماہ کے ”ایمیزون ورچوئل اسسٹنٹ”پروگرام کا اعلان کیا ہے۔ صنفی فرق کو پر کرنے کے لیے یہ کورس مرد اور خواتین دونوں کے لیے ہوگا۔ ورچوئل اسسٹنٹ ایک اہم کورس ہے جس کے ذریعے کامیاب امیدوار آن لائن ملازمتیں حاصل کرتے ہیں۔ ایمیزون ورچوئل اسسٹنٹ اپنی خدمات مختلف کمپنیوں کو پیش کر سکتا ہے جو پلیٹ فارم پر اپنی مصنوعات فروخت کرتی ہیں۔پاک چائنا ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ نے نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کے تعاون سے دو طرح کے کورسز کی پیشکش کی ہے جن میں ”اوور ہیڈ کرین آپریٹر ان شپنگ انڈسٹری”اور”جنرل ان دی شپنگ انڈسٹری” شامل ہیں۔

کورس کی مدت چھ ماہ ہے جبکہ 18 سے 40 سال کے درمیان کے امیدوار اس سنہری موقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ دلچسپی رکھنے والے امیدوار آن لائن رجسٹریشن یا پی سی ٹی وی آئی گوادر کو دستاویزات خود پہنچا سکتے ہیں۔جدید ترین پاک چائناٹیکنیکل ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ بندرگاہی شہر گوادر میں چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت چینی حکومت کی گرانٹ سے تعمیر کیا گیا ہے۔ گوادر کے عوام پورٹ سٹی گوادر کے اہم اسٹیک ہولڈر ہیں۔ گہرے سمندری بندرگاہ کے آپریشن اور انتظام میں ان کی شرکت، صنعتی اور تجارتی کاروبار میں شرکت، اور شہری کاری کے عمل میں تمام طویل مدتی ترقیاتی اقدامات کی کلید ہے۔ اس انسٹی ٹیوٹ کو کو گوادر کی فعال آبادی کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے اور بندرگاہی شہر کی ترقی میں حصہ لینے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔