گوادر, واٹر ڈی سیلینیشن پلانٹ کی تعمیر

چین کی مالی معاونت سے گوادر شہر کے مکینوں کو 1.2 ملین گیلن یومیہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے واٹر ڈی سیلینیشن پلانٹ کی تعمیر کا 75فیصد کام مکمل ہو گیا ، منصوبے پر 2ارب روپے لاگت آئے گی اور امید کی جارہی ہے یہ منصوبہ اپریل 2023میں مکمل ہو جائے گا ۔

چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی پسند خان بلیدی نے واٹر ڈی سیلینیشن پلانٹ کی تعمیر کے منصوبے کا دورہ کیا ۔اس موقع پر پراجیکٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر انجینئر عبدالوحد بلوچ نے چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی پسند خان بلیدی کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 1.2 ملین گیلن یومیہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے واٹر ڈی سیلینیشن واٹر پلانٹ چین کی جانب سے2 ارب روپے کی خطیر گرانٹ سے مکمل کیا جا رہا ہے۔

انہوںنے بتایا کہ واٹر ڈی سیلینیشن پلانٹ کی تعمیر کے ساتھ ساتھ گوادر پورٹ اتھارٹی پلانٹ سے گوادر شہر کے مین واٹر سپلائی نیٹ ورک تک تقریباً 1 کلومیٹر طویل واٹر سپلائی لائن بچھانے کیلئے بھی پیشرفت کررہی ہے جس پر تیزی سے کام جاری ہے ۔ اس کے ذریعے گوادر کے رہائشیوں کوگھروں کے اندر نلکوں کے ذریعے پینے کا صاف پانی فراہم کیا جا سکے گا۔انہوں نے کہا کہ 1.2 ملین گیلن یومیہ ڈی واٹر ڈی سیلینیشن پلانٹ تقریباً ایک ایکڑ پر پھیلا ہوا ہے،اس پلانٹ پر جس رفتار سے کام جاری ہے امید ہے یہ اپریل 2023 مکمل ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ واٹر ڈی سیلینیشن پلانٹ گوادر پورٹ اتھارٹی اور چائنا ہاربر انجینئرنگ کمپنی کے تعاون سے مکمل کیا جا رہا ہے،یہ پلانٹ گوادر شہر اور گوادر بندرگاہ کی پانی کی طلب کو پورا کرنے کے لئے کافی ہوگا۔