گوادر کیلئے 100 میگاواٹ بجلی کی فراہمی

ایران سے گوادر کیلئے 100 میگاواٹ بجلی کی فراہمی کے سلسلے میں فروخت کے معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے ایران کا پاور ڈویژن سے تعلق رکھنے والا اعلی سطحی وفد پاکستان پہنچ گیا ۔

وفد کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو)اور نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی)کے حکام سے رہائشی اور تجارتی مقاصد کے لیے بجلی کی فی یونٹ قیمت کے معاہدے کے حوالے سے گفتگو کرے گا ۔نئے پراجیکٹ کے تحت کلاتو (پاک ایران سرحد کے قریب پاکستانی شہر)سے جیوانی گرڈ سٹیشن تک ڈبل سرکٹ 132 KV ٹرانسمیشن لائن کی تنصیب کے حوالے سے نیا انفراسٹرکچر بنایا گیا ہے۔ جیوانی گرڈ اسٹیشن سے گوادر گرڈ اسٹیشن تک تقریباً 75 کلو میٹر لمبی ڈبل ٹرانسمیشن لائن برسوں پہلے بچھائی جا چکی ہے۔

پنجگور کے قریب پاک ایران سرحد سے گوادر تک بجلی کا پرانا ڈھانچہ بھی دستیاب ہے، جو تقریباً 40-70 میگاواٹ بجلی فراہم کرتا ہے تاہم تقریباً 400 کلومیٹر کے طویل فاصلے اور دیگر وجوہات کی وجہ سے گوادر کوبجلی کی مستقل اور مستحکم فراہمی میں تعطل رہتا تھا۔گوادر سٹی کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ نئی ٹرانسمیشن لائن پاک ایران سرحد کلاتو سے گبد ریمدان کے قریب جیوانی اور گوادر تک مقامی لوگوں کو بجلی کی طویل بندش سے نجات دلائے گی۔
بجلی کی کمی کی وجہ سے گوادر کا کاروبار بھی سست روی کا شکار ہے تاہم نئی ٹرانسمیشن لائن سے مقامی صنعت اور تجارت کو تقویت ملے گی ۔حکام کے مطابق ایران سے گوادر کو اگلے ماہ سے 100میگا واٹ بجلی کی فراہمی کا باضابطہ آغاز ہو جائے گا ۔