گوادر گریجویٹس کے لیے انٹرن شپ پروگرام

گوادر پورٹ اتھارٹی نے بلوچستان کے نوجوانوں کو جاری اور نئے شروع ہونے والے منصوبوں کیلئے درکار مہارتوں کے قابل بنانے کی غرض سے نئے گریجویٹس کے لیے انٹرن شپ پروگرام کا اعلان کر دیا ۔

نوٹیفکیشن کے مطابق یہ پروگرام نیشنل ڈویلپمنٹ انٹرن شپ پروگرام کے تحت چلایا جائے گا۔ نئے گریجویٹس یا ڈپلومہ ہولڈرز کے لیے بہتر ملازمتوں اور مختلف منصوبوں میںدرکار مہارت کی تیاری کا ایک منفرد تجربہ ہوگا۔گوادر پورٹ اتھارٹی وزارت سمندری امور اور پلاننگ کمیشن کے اشتراک کے اس پروگرام میں نوجوان انجینئرز کو گوادر میں1.2 ایم جی ڈی آر او ڈی (ریورس اوسموسس ڈی سیلینیشن)پلانٹ اور جی پی اے ہائوسنگ کمپلیکس میں سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تنصیب کے دومنصوبوں میں شامل کرے گا ۔

بتایا گیا ہے کہ بلوچستان میں 30 سال سے کم عمر کے ڈومیسائل رکھنے والے نئے گریجویٹس انٹرن شپ پروگرام کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ انٹرن شپ پروگراموں کی مدت ایک سال ہوگی اور دس طلبا (ہر ایک پروجیکٹ میں پانچ)کا انتخاب کیا جائے گا۔1.2ایم جی ڈی آر او ڈدپلانٹ تقریباً 12.7 ملین ڈالر کی چینی گرانٹ سے سمندر کے پانی کو صاف کرنے اور اسے گوادر شہر کے لوگوں کے لیے محفوظ بنانے کے لیے لگایا جا رہا ہے۔جی پی اے ہائوسنگ کمپلیکس گوادر کے لیے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ گوادر کا ایک اور اہم منصوبہ ہے جس کے لیے وفاقی حکومت نے مالی سال 2022-23 کے بجٹ میں پی ایس ڈی پی کے تحت 51.89 ملین روپے مختص کیے ہیں۔گوادر پورٹ اتھارٹی گوادر ڈیپ واٹر پورٹ کی تعمیر، آپریشن، انتظام اور دیکھ بھال کے لیے ایک ادارہ ہے۔ گوادر پورٹ پاکستان اور چین کو ملانے والی شاہراہ قراقرم کے بعد پاک چین دوستی کی دوسری عظیم یادگار ہے۔