یونیورسٹی آف ایجوکیشن, پاک چائنہ فنی نمائش کا آغا ز

چائنہ بیلٹ اینڈ روڈ پروگرام کی 10سالگرہ کے موقع پر یونیورسٹی آف ایجوکیشن میں نمائش کا انعقاد کیا جائے گا ۔ لاہور میوزیم کے اشتراک سے منعقد ہونے والی یہ نمائش 3 مئی سے 5 مئی 2023 تک یونیورسٹی آف ایجوکیشن کے مرکزی کیمپس ٹائون شپ اور 4سے 7 مئی تک لاہور میوزیم میں جاری رہے گی، جہاں غیر ملکی و ملکی آرٹسٹوں کے فن پاروں کی نمائش ہو گی۔

نمائش کی افتتاحی تقریب3 مئی کو یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور کے مرکزی کیمپس ٹائون شپ میں ہو گی جس میں ملک کی معروف سیاسی و سماجی شخصیات، مختلف جامعات کے وائس چانسلر، دانش ور اور چینی باشندوںسمیت ملک کے معروف آرٹسٹ شرکت کریں گے۔ اس ضمن میں ایک اہم اجلاس یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور کے مرکزی کیمپس میں ہوا جس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا نے کی۔

اجلاس میں نمائش کے لئے قائم کی گئیں تمام کمیٹیوں کے سربراہان نے شرکت کی اور اپنی ذمہ داریوں کے متعلق وائس چانسلر کو بریفنگ دی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا نے تمام کمیٹیوں کے سربراہان کو انتظامات جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ وائس چانسلر نے کہا کہ سی پیک کی دسویں سالگرہ کے موقع پر جامعہ کی طرف سے چین پاکستان مبادلہ فنون نمائش کا انعقاد بلاشبہ دوست ملک سے ہماری محبت کا عملی ثبوت ہے۔