بحیرہ عرب میں بپرجوئے نامی سائیکلون کے پیش نظر محکمہ فشریز نے ماہی گیروں کو الرٹ جاری کر دیا،8جون سے 14جون کو ماہی گیروں کو گہرے سمندر میں جانے سے منع کیا گیا ہے ،الرٹ کے مطابق سائیکلون مکران کے ساحل کی طرف بڑھنے کا امکان ہے ۔
تفصیلات کے مطابق جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوارڈی نیشن سنٹر کے جاری الرٹ نمبر 93/2023 کے مطابق محکمہ فشریز نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے موسمی اعداد و شمار کی بنیاد پر ماہی گیروں کو اطلاع دی کہ بحیرہ عرب میں ہوا کے کم دباؤ کے باعث 8جون 2023 کو ایک بپرجوئے نامی سائیکلون بن رہا ہے جس کا مکران کے ساحل کی طرف بڑھنے کا امکان ہے لہٰذا ماہی گیروں کو مطلع و تاکید کی جاتی ہے کہ 8جون 2023 سے لے کر 14 جون 2023 تک گہرے سمندر میں جانے سے گریز کریں اور اپنی کشتیاں بمعہ دیگر ماہی گیری آلات محفوظ کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔