پاکستان میں مختلف منصوبوں پر کام کرنے والی چینی کمپنیاں مقامی باشندوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کا ذریعہ بنی ہوئی ہیں ۔ دیامر بھاشا ڈیم منصوبے کے مرکزی کنٹریکٹر پاور چائنہ نے گلگت بلتستان میں مقامی باشندوں کیلئے 190 ملازمتوں کا اعلان کیا ہے ۔
دس شعبوں میں دی جانے والی ملازمتوں میںکمپنی کو طویل مدتی بنیادوں پر 53 پیشہ ور تعمیراتی عملے، 41 سٹیل فکسرز، 25 میسن، 24 ویلڈر ،29 مزدوروں ،7ٹیکنیشنز، پانچ سکیفولڈر، تین الیکٹریشن، دو ڈرلرز اور ایک ڈرائیور کی ضرورت ہے ۔ مقامی علاقے سے تعلق رکھنے والے خواہشمند امیدوار 11 اپریل تک درخواست دے سکتے ہیں۔
پاورچائنہ باقاعدگی سے سائٹ ایریا کے لوگوں کو مستقل بنیادوں پر ٹریننگ اور ملازمتیں فراہم کرتا ہے۔ دسمبر 2022 میں کمپنی نے پراجیکٹ سائٹس پر 208 ہنر مند اور تکنیکی پیشہ ور افراد کو ملازمتیں فراہم کی تھیں۔ کمپنی نے اپنے مقامی ملازمین کی مہارتوں کو بڑھانے کے لیے ان کی تربیت بھی کی تھی ۔دیا میربھاشا ڈیم دریائے سندھ پر تعمیر کیا جا رہا ہے جس کی تکمیل کی مدت 2028-29 ہے۔ پاورچائنہ ،فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے ساتھ مل کر منصوبے کا ایک حصہ MW-1 ڈیم تعمیر کر رہا ہے، منصوبے میں1.23 ملین ایکڑ اضافی زمین کو سیراب کرنے کے لیے 8.1ایم اے ایف پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہوگی جبکہ 4,500 میگاواٹ بجلی کی پیداواری صلاحیت کے ساتھ یہ منصوبہ نیشنل گرڈ کو سالانہ 18 ارب یونٹس سے زیادہ فراہم کرے گا۔