چین اور پاکستان نے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو (بی آر آئی )کے تحت سی پیک کو اعلی معیار کی ترقی کی مثال بنانے اور سی پیک منصوبوں پر عملدرآمد کی رفتار کو بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے چین کے نائب وزیر خارجہ سن ویڈونگ سے بیجنگ میں ملاقات کی ۔
ملاقات میں وفاقی وزیر کے ہمراہ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق اور سفارت خانے کے حکام بھی شریک تھے۔ دونوں فریقوں نے دوطرفہ تعلقات کے پہلوئوں کا جائزہ لیا جس میں سی پیک کے تحت تعاون، تجارتی، اقتصادی اور مالیاتی تعاون، ثقافتی تبادلے اور عوام کے درمیان تعلقات شامل ہیں۔ ملاقات میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے اس سال جولائی میں بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو اور سی پیک کی ایک دہائی کی تکمیل پر اس سنگ میل کو مناسب طریقے سے منانے کے لئے حکومت کے عزم کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیر نے پاکستان کے سماجی و اقتصادی منظرنامے پر اور لوگوں کی معیشت کو بہتر بنانے کے لئے سی پیک کے ذریعے تبدیلی کے اثرات کو بھی سراہا۔ چین اور پاکستان کی جانب سے سیاحتی تبادلوں اور عوامی سطح پر تبادلوں کو بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔