چین پاکستان دوستی کو مزید مضبوط بنانے اور چینی ثقافت کو سمجھنے کے لیے، قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی (کے آئی یو) کے چائنا سٹڈی سینٹر (سی ایس سی) نے انٹرنیشنل آفس، انسٹی ٹیوٹ آف پروفیشنل ڈویلپمنٹ (آئی پی ڈی) کے تعاون سے منگل کو طلباء کے درمیان چینی زبان اور چینی کھانا پکانے کے مقابلے کا انعقاد کیا۔
کے آئی یو کانووکیشن ایریا میں چینی زبان کے عالمی دن اور چینی کھانوں کے حوالے سے دو تقریبات منعقد کی گئیں۔ تقریب میں طلباء اور یونیورسٹی کے اعلیٰ انتظامی و تدریسی افسران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ چینی زبان کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں فیکلٹی اور طلبہ کے لیے چینی زبان لکھنے کے مقابلے بھی منعقد کیے گئے۔
اس موقع پر وائس چانسلر کے آئی یو ڈاکٹر عطا اللہ شاہ نے کہا کہ گلگت بلتستان اور چین کی ثقافت اور طرز زندگی میں مماثلت ہے اور ہمیں ایک دوسرے کی زبان اور ثقافت کو مزید سمجھنے، تعلیم اور تحقیق کی ضرورت ہے۔
دوسرے ایونٹ میں طلباء کے درمیان کھانا پکانے کے مقابلے منعقد کیے گئے، ڈمپلنگ بنانا جو کہ چین اور گلگت بلتستان میں یکساں مقبول ہے۔ جی بی میں ڈمپلنگ کو منٹو کہا جاتا ہے۔ سی ایس سی کے ڈاکٹر خالد محمود نے گوادر پرو کو بتایا چونکہ کھانا ثقافت کا ایک لازمی حصہ ہے، اس لیے طلباء کے درمیان چائنیز کوکنگ مقابلہ منعقد کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جی بی کے منٹو کا ذائقہ چائنیز ڈمپلنگز سے بالکل مماثلت رکھتا ہے، جو مختلف تہواروں میں پیش کیے جاتے ہیں۔
تقریبات کے اختتام پر زبان اور کھانا پکانے کے مقابلوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء میں اسناد تقسیم کی گئیں۔