پاکستان اور چین نے پاکستان اقتصادی راہداری کے منصوبوں پر جاری کام کی رفتار کو مزید تیز کرنے پر اتفاق کیا ہے جبکہ دیگر شعبوں میں بھی تعاون کو وسعت دینے کے لئے مزید مواقع تلاش کئے جائیں گے ۔
اس عزم کا اعادہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور چینی ناظم الامور پینگ چنکسو کے درمیان ہونے والی ملاقات میں کیا گیا ۔ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ چین اور پاکستان کے درمیان متعدد اقتصادی راہوں پر مضبوط دوطرفہ تعلقات ہیں اور انہیں مستقبل میں مزید مضبوط کیا جائے گا ۔
اس موقع پر اقتصادی اور مالیاتی شعبوں میں تعلقات کو مزید وسعت دینے پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے مشکل وقت میں پاکستان کے لیے چینی قیادت کی حمایت کو سراہا اور حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے مختلف اقتصادی اقدامات سے آگاہ کیا۔چین کے ناظمی الامور پینگ چنکسو نے پاکستان کی جانب سے مالیاتی استحکام کو برقرار رکھنے اور بڑھانے کے لیے کیے گئے پالیسی اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے چینی حکومت کی پاکستان کو مسلسل حمایت کا یقین دلایا اور مزید کہا کہ چین کی حکومت پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر ممکن مدد فراہم کرنے کو تیار ہے۔