متعدد چینی کمپنیاں پاکستان میں کوڑے سے بجلی کی پیداوار کے لیے سرمایہ کاری کرنے کیلئے تیار ہیں،حکومت چینی ماہر کمپنیوں کے ساتھ مل کر پاکستان میں کچرے سے توانائی کے حصول کا ماڈل اپنائے۔یہ بات پاکستان چائنا جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر معظم گھرکی نے نگران صوبائی وزیر صنعت، تجارت اور توانائی ایس ایم تنویر کے دورہ کے موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہی۔
اس موقع پر سیکرٹری جنرل صلاح الدین حنیف ، سابق چیئرمین ایف پی سی سی آئیمنظور ملک اور دیگر بھی موجود تھے۔انہوںنے کہا کہ چین کاماڈل پاکستان میں توانائی کے بحران اور ماحولیاتی آلودگی کا حل ثابت ہو سکتا ہے۔ سابق چیئرمین ایف پی سی سی آئی نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں چینی اور پاکستانی تاجروں کے درمیان مختلف بی ٹو بی میٹنگز کرنی چاہئیں تاکہ مذکورہ شعبوں میں تجارت اور سرمایہ کاری کا دائرہ بڑھایا جا سکے۔ یہ دیکھا گیا کہ پاکستان میں تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع کو بڑھانے کے لیے چینی تاجر برادری کے ساتھ مشاورت لازمی ہے۔سیکرٹری جنرل صلاح الدین حنیف نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان میں چینی سرمایہ کاری کو آسان بنانے اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے ایسے انٹرایکٹو سیشنز مستقل بنیادوں پر منعقد کیے جائیں۔