پاکستان اور چین نے تھنک ٹینکس اور تحقیقی اداروں کے درمیان سٹریٹجک رابطے بڑھانے پر اتفاق کر لیا۔پاکستان اورچین کے درمیان دو طرفہ مشاورت کا آٹھواں دور 29 اور 30 اگست کو بیجنگ میں منعقد ہوا۔دفتر خارجہ کے مطابق ایڈیشنل سیکرٹری (آرمز کنٹرول اور تخفیف اسلحہ/پالیسی پلاننگ)محمد کامران اختر نے پاکستان جبکہ چین کی وزارت خارجہ کے شعبہ آرمز کنٹرول کے ڈائریکٹر جنرل شیائو بو نے اپنے اپنے وفود کی قیادت کی۔
اس سے قبل ایڈیشنل سیکرٹری نے چین کے نائب وزیر خارجہ سن ویڈونگ سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران فریقین نے پاک چین تعلقات، بین الاقوامی اور علاقائی سلامتی کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے متعدد امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔مشاورت کے دوران فریقین نے علاقائی اور عالمی سلامتی کی صورتحال سمیت ہتھیاروں کے کنٹرول، تخفیف اسلحہ اور عدم پھیلائو سے متعلق موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔پاکستان کے وفد نے بیجنگ میں چین کی آرمز کنٹرول اینڈ ڈس آرمامنٹ ایسوسی ایشن (سی اے سی ڈی اے)اور چینی انسٹی ٹیوٹ آف کنٹیمپریری انٹرنیشنل ریلیشنز (سی آئی سی آر)سمیت اہم تھنک ٹینکس کا بھی دورہ کیا۔دوروں کے دوران دونوں ممالک کے تھنک ٹینکس اور تحقیقی اداروں کے درمیان سٹریٹجک رابطے کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ فریقین نے باہمی اتفاق کی تاریخ پر اگلے سال نویں دور کے انعقاد پر اتفاق کیا۔