چینی وزیرخارجہ چن گانگ 5 مئی کو اہم دورے پر پاکستان پہنچیں گے اور عہدہ سنبھالنے کے بعد ان کا پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چینی وزیرخارجہ چن گانگ 5 مئی کو اسلام آبادپہنچیں گے۔
چینی وزیرخارجہ وزیرخارجہ بلاول بھٹو کی دعوت پراسلام آبادپہنچ رہے ہیں، دورے کے دوران پاکستان اور چین کے درمیان 6 مئی کو اسٹریٹجک مذاکرات ہوں گے۔پاکستان اورچین کا 6 تاریخ کواسلام آباد میں افغانستان کے ساتھ سہ فریقی مذاکرات کا بھی امکان ہے جس میں شرکت کے لئے افغان عبوری وزیر خارجہ کی 6 مئی کو اسلام آباد آمد متوقع ہے۔پاکستان، چین اور افغانستان کے وزرائے خارجہ کے موجودہ میکنزم کا سہ فریقی اجلاس 6 مئی کو اسلام آباد میں ہوگا۔یاد رہے پاکستان، چین اور افغانستان کے وزرائے خارجہ میکنزم کا آخری اجلاس ستمبر 2019 میں اسلام آباد میں ہوا تھا۔