چینی قونصلیٹ کراچی نے گوادر کے یتیم طلبا ء کی مالی معاونت کیلئے ایک منصوبے کی منظوری دی ہے جس کے تحت 350,000 آر ایم بی خرچ کیے جائیں گے۔ محکمہ تعلیم بلوچستان نے گوادر میں 1201 یتیم بچوں کی جانچ پڑتال کر کے فہرست مرتب کر لی ہے ۔
بتایا گیا ہے کہ 350,000 آر ایم بی میں سے دو تہائی طلبا ء کے لیے سکول بیگز اور اسٹیشنری کی خریداری کے لیے استعمال کیا جائے گاجبکہ باقی رقم نقدی کی صورت میں یتیم طلباء میں تقسیم کی جائے گی۔ چائنہ اوورسیز پورٹس ہولڈنگ کمپنی، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تعلیم گوادر نے منصوبے کے تحت رقم کی تقسیم کے طریقہ کار پر تبادلہ خیال کیا ہے ۔
گوادر کی ضلعی انتظامیہ کے اہلکار نے بتایا کہ پاکستان میں چین کے سفارتی مشنوں نے گوادر میں کام کرنے والے چینی اداروں کے تعاون سے گوادر میں سماجی و اقتصادی اور انسانی وسائل کی ترقی کے منصوبوں کو تیز کیا ہے۔گوادر کے سکولوں کی اپ گریڈیشن کا کام بھی جاری ہے۔حال ہی میں چینی قونصل خانے نے گوادر کے مستحق لوگوں کے لیے 10,000 مفت راشن کے تھیلے تقسیم کیے گئے اور وصول کرنے والوں میں سے زیادہ تر کا تعلق ماہی گیر برادری سے تھا۔