مالی سال 2023-24 کے دوسرے مہینے اگست میں پاکستان کی چین کو ایکسپورٹ میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 81.6 فیصد کا متاثر کن اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے دوسرے ماہ اگست میں چین کو پاکستان کی ایکسپورٹ211 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں جبکہ گزشتہ مالی سال میںیہ حجم 116.2 ملین ڈالر تھا۔
رپورٹ کے مطابق اگست 2023 میں برطانیہ کو پاکستان کی ایکسپورٹ190 ملین ڈالر ، ہالینڈ کو 130.7 ملین ڈالر ، افغانستان نے پاکستان سے 76.4 ملین ڈالر کی ایکسپورٹ حاصل کیں، سعودی عرب نے پاکستان سے51.8 ملین ڈالر مالیت کی اشیا ء امپورٹ کیں، ویتنام کو ایکسپورٹ کا حجم 38.7 ملین ڈالر، پولینڈ کو 37.2 ملین ڈالر ، ملائیشیا کو 32.5 ملین ڈالر جبکہ ترکی کوپاکستان سے 30.1 ملین ڈالر کی اشیا ء بھجوائی گئی ۔مالی سال 2023-24 میں مسلسل دوسرے مہینے، چین کو پاکستان کی ایکسپورٹ میں مثبت نمو برقرار ہے۔ جولائی 2023 میں چین کو ملک کی ایکسپورٹ میں پچھلے مالی سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں 35.1 فیصد اضافہ ہوا۔اگست 2023 کے دوران دنیا کے مختلف مقامات پر پاکستان کی ایکسپورٹ 2363 ملین ڈالر رہیں جو کہ گزشتہ سال کے اسی مہینے میں کی جانے والی ایکسپورٹ کے مقابلے میں 14.27 فیصد کم ہیں۔ اسی مہینے میں پاکستان کی امپورٹ 4,489 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئیں، جس کے نتیجے میں تجارتی خسارہ 2,126 ملین ڈالر رہا۔