پاکستان گوادر بندرگاہ کے ذریعے تیزی سے ایک بین الاقوامی تجارتی مرکز بنتا جارہا ہے کیونکہ یہ درآمد کنندگا ن اور برآمد کنندگان کو انتہائی موثر آپریشنز ،جدید کارگو ہینڈلنگ ، ہر قسم کے کارگو کیلئے خاطر خواہ اسٹوریج ایریاز کے ذریعے اہم اقتصادی فوائد فراہم کرتا ہے ۔
سینٹر آف ایکسیلینس ،چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے ایک ریسرچ ایسوسی ایٹ عدنان خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بدلتے ہوئے جغرافیائی سیاسی حالات نے سیاست سے معیشت کی طرف صف بندی کے پیٹرن کو منتقل کر دیا ہے ۔ دنیا بھر میں قومی سلامتی کی ترجیحات میں اقتصادی سلامتی اولین ترجیح بنتی جارہی ہے ۔ چین اقتصادی ترقی کو تیز کرنے کے لئے ایشیاء سمیت دنیا بھر کے ممالک کے ساتھ اپنے اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنا کر اس شعبے کی قیادت کر رہا ہے ۔
انہوںنے کہا کہ پاکستان کو خطے کے اندر اور اس سے باہر معاشی سر گرمیوں میں اضافے کے درپیش چیلنجز اور دبائو کو کم کرنے کے لئے روابط پیدا کرنا ہوں گے اور دولت پیدا کرنا ہو گی ۔انہوںنے کہاکہ یہاں فری زونز کا قیام اور ان میں بڑھتی ہوئی سر گرمیاں بھی دوسرے ممالک کو گوادر بندرگاہ کی جانب راغب کر رہی ہیں ۔