چینی کمپنی ایسٹ سی گروپ لمیٹڈ 4.5 ارب ڈالر کے آئل ریفائنری منصوبے کے سلسلے میں سمندری جگہ پر 3 ملین ٹن جہاز سے جہاز آئل کی بلینڈنگ کی سہولت قائم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
گوادر میں اس منصوبے کی تکمیل سے پاکستان سالانہ 20سے40ہزار ڈالر کمائے گا۔جہاز سے جہاز 3 ملین ٹن آئل کی بلینڈنگ کی سہولت گوادر کے زمینی حصے سے کسی رابطے یا استعمال کے بغیر مکمل طور پر سمندر کی سطح پر قائم کی جائے گی جبکہ باقی 5 ملین ٹن آئل ریفائنری گوادر فری زون فیز IIکی زمین پر ہو گی جس کے لئے ایک آئل ریفائنری بنائی جائے گی جس کی سالانہ آئل پروسیسنگ کی گنجائش 8ملین ٹن ہوگی ۔
گوادر پورٹ اتھارٹی بورڈ کے ممبران کی 45ویں خصوصی فوری میٹنگ میں جہاز سے جہاز آئل بلینڈنگ کی سہولت کے میگا پلان پر طویل بحث کی گئی۔ اس اجلاس میںچائنہ اوورسیز پورٹ ہولڈنگ کمپنی کے چیئرمین اور گوادر کے دورے پر آئی ہوئی ای ایس جی ایل کے حکام نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں جہاز سے جہاز آئل بلینڈنگ سہولت کے قیام کے لیے گوادر پورٹ کے 38 مربع کلومیٹر اینکریج ایریا سے دور ایک مخصوص سمندری علاقہ مختص کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے ۔ شمال کی طرف کے بجائے یہ سہولت جنوب کی طرف ہو گی کیونکہ شمال کی طرف کے علاقے کی گہرائی صرف 15 میٹر ہے، جبکہ جنوب کی طرف کی گہرائی 35 سے 37 میٹر تک ہے جو اس مقصد کیلئے بہترین آپشن ہے ۔
مزید برآںگوادرپورٹ اتھارٹی کے چیئرمین پسند خان بلیدی نے ایسٹ سی گروپ لمیٹڈ کے دورہ کرنے والے وفد کو پاکستان کے ٹرانس شپمنٹ رولز کے تحت تمام طریق کار اور قانونی فریم ورک کے ذریعے ٹیکس کی سہولت اور ڈیوٹی چھوٹ کی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر ای ایس جی ایل حکام نے عزم کیا کہ کمپنی پاکستان کی مقامی مارکیٹ سے 30 فیصد خام تیل خریدے گی کیونکہ پاکستان کے پاس 19 ملین ٹن خام تیل کی گنجائش ہے۔
یاسر حبیب خان