گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے 17 اکتوبر سے 22 اکتوبر تک منعقد ہونے والی پانچویں آف روڈ جیپ ریلی کا باضابطہ اعلان کردیا۔ ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی مجیب الرحمان قمبرانی نے اپنے آفیشل ایکس (سابقہ ٹوئٹر)اکائونٹ پر لکھا کہ اپنے انجنوں کو ریویو کریں اور سال کی سب سے سنسنی خیز مہم جوئی کے لیے تیار رہیں۔
یہ ”آف روڈ میلہ”تمام سیاحوں کے لئے ناقابل فراموش سفر ہوگا۔گوادر آف روڈ ریلی 2023 کا منصوبہ رئیس ایسوسی ایٹس اینڈ انٹرپرائزز کی جانب سے پیش کیا گیا ہے جسے گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے اسپانسر کیا ہے جبکہ ریلی کو حکومت پاکستان اور پاک فوج کی حمایت حاصل ہے۔ گزشتہ سال اس علاقے میں سیلاب کی وجہ سے ریلی نہیں نکالی جا سکی تھی۔ گوادر آف روڈ ریلی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر طلحہ اقبال رئیس نے بتایا کہ یہ خطے کے لیے ایک میگا ایونٹ ہے اور ہمیں توقع ہے کہ پاکستان کے کونے کونے سے ریسرز اور سیاح ہمارے ساتھ شامل ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی ریسرز کے علاوہ انہیں بین الاقوامی شرکاء بشمول ایران سے بہت زیادہ امیدیں وابستہ ہیں۔انہوںنے کہا کہ اعلان کردہ مدت کے دوران آف روڈ بائیک اور آف روڈ جیپ ریلیاں منعقد کی جائیں گی جس میں نادر مگسی اور صاحبزادہ سلطان سمیت معروف پاکستانی ریسرز کی شرکت بھی متوقع ہے ۔ مزید برآں گوادر سے تقریباً 20 مقامی ریسرز اس ایونٹ میں شرکت کرنے کے لئے تیار ہیں۔گوادر آف روڈ ریلی ایک سنسنی خیز تین روزہ ایونٹ پر محیط ہے جس میں کاروں کے لیے دو اہم کیٹیگریز ” تیار ” اور”اسٹاک ” ہیں جن میں سے ہر ایک کو مزید چار ذیلی زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے ۔اے کیٹیگری میں پٹرول 3401 سی سی اور اس سے اوپر (اوپن کلاس)، (ڈیزل) 3501 سی سی اور اس سے اوپر (اوپن کلاس)، بی کیٹیگری میںپٹرول 2701 سی سی سے 3400 سی سی اور ڈیزل 2701 سی سی سے 3500 سی سی، سی کیٹیگری میںپیٹرول 1801 سی سی سے 2700 سی سی اور ڈیزل 1801 سی سی سے 2700 سی سی جبکہ ڈی کیٹیگری میںپٹرول 1 سی سی سے 1800 سی سی اور ڈیزل 1 سی سی سے 1800 سی سی شامل ہیں۔