چین پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے:چینی سفیر

پاکستان میں چین کے نئے سفیر جیانگ زیدونگ نے دونوں برادر ممالک کے درمیان سدا بہار دوستی کے فروغ کیلئے بھرپور کوششوں کے پختہ عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین مسلسل آٹھ سال سے پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے، چین کی ترقی بلاشبہ پاک چین تعاون کے نئے مواقع پیدا کرے گی۔

بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو اور چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک )کی 10 ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان پہاڑوں اور دریائوں سے جڑے ہوئے ہیں اور سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد سے گزشتہ 72 سال کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان پائیدار دوستی قائم رہی ہے۔ چینی سفیر نے کہا کہ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ چاہے بین الاقوامی حالات کیسے بدلیں چین اور پاکستان ہمیشہ دکھ اور تکلیف میں شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔