نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی نے ایران سے 100میگا واٹ سے زائد بجلی کی درآمد کیلئے ٹرانسمیشن لائن مکمل کرنے کے بعد ٹیسٹنگ کا مرحلہ بھی مکمل کر لیا ۔ 100میگا واٹ سے زائد بجلی کی فراہمی کیلئے پلان ایران سے گوادر تک ٹرانسمیشن لائن بچھائی گئی ہے ۔
وزیر اعظم اور وزیر توانائی کی ہدایت پر این ٹی ڈی سی نے مقررہ مدت کے اندر منصوبے کو مکمل کیا ۔ بتایا گیا ہے کہ ترسیلی نظام کی ٹیسٹنگ کے بعد گوادر کے لئے 100میگا واٹ سے زائد بجلی کی فراہمی آئندہ چند روز میں شروع ہو جائے گی۔
منصوبے کی تکمیل سے گوادر اور مکران ڈویژن میں بجلی کی فراہمی میں بہتری آئے گی ۔گوادر کی بجلی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے پاکستان اور ایران کی حکومتوں نے جون 2022 میں 100 میگا واٹ اضافی بجلی کی فراہمی کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے گزشتہ سال اپنے دورہ گوادر کے دوران متعلقہ حکام کو ہدایت کی تھی کہ اس منصوبے کو مختصر مدت میں مکمل کیا جائے۔گوادر ایران سے درآمد شدہ بجلی پر انحصار کرتا ہے اور 132 کے وی لائن کی تعمیر سے ساحلی شہر پہلی بار نیشنل گرڈ سے منسلک ہو جائے گا۔