گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے مقامی نوجوانوں کو مارکیٹ کی ضرورت کے مطابق درکار ملازمتوں کے حصول میں مدد دینے کیلئے انٹرن شپ پروگراموں کا اعلان کیا ہے ، پروگرام کیلئے اہل پانے والے نوجوانوں کونہ صرف مارکیٹ کی ضرورت کے مطابق ملازمتوں کیلئے تربیت دی جائے گی بلکہ انہیں ماہانہ 20ہزار روپے وظیفہ بھی دیا جائے گا ۔
اس سلسلہ میں جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی انتظامی مہارتوں، سرمایہ کاری اور فنانسنگ، ٹائون پلاننگ اور انجینئرنگ تکنیک، مارکیٹنگ ، ویب ڈویلپمنٹ اور آئی ٹی سلوشن کے شعبوں میں چھ ماہ کی تربیت دی جائے گی ۔ انٹرن شپ پروگرام میں شامل ہونے والے اہل نوجوانوں کو ماہانہ 20ہزار روپے وظیفہ بھی دیا جائے گا ۔نوٹیفکیشن کے مطابق کسی بھی شعبے میں بیچلر کی ڈگری والا کوئی بھی شخص انٹرن شپ پروگرام سے فائدہ اٹھانے کا اہل ہوگا۔
گوادر پورٹ اتھارٹی کی انتظامیہ کے مطابق یہ پروگرام باصلاحیت نوجوانوں کے لیے اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کا ایک موقع ہے جومستقبل میں پاکستان کو ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ اس پروگرام کے تحت خاص طور پر گوادر کے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے وہ اس میں شامل ہوں ۔30 سال تک کی عمر کے لوگ مذکورہ پروگرام کے لئے اہل ہوں گے جو 16 فروری تک درخواست جمع کر اسکتے ہیں۔یاد رہے کہ گوادر پورٹ اتھارٹی نے حال ہی میں صوبہ بلوچستان کے فریش گریجویٹس کے لیے بھی انٹرن شپ پروگرام کا بھی اعلان کیا تھا۔