انڈس ہسپتال ہیلتھ نیٹ ورک نے گوادر اور اس سے ملحقہ علاقوںکے رہائشیوں کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی ہسپتال کا کنٹرول سنبھال لیا ۔ رجسٹرڈ شدہ مریض ہسپتال میںجدید ترین طبی سہولیات سے مفت فائدہ اٹھا سکیں گے ۔دوسری جانب گوادر کی عوام کیلئے صحت کی سہولیات کے تناظر میں چینی حکومت کے تعاون سے جی ڈی اے پاکستان چائنا فرینڈ شپ ہسپتال کی تعمیر بھی تقریباً مکمل ہو چکی ہے ۔
وزیر اعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے اپنے حالیہ دورہ کے دوران اعلان کیا کہ موجودہ حکومت گوادر ضلع میں تعلیمی نظام، صحت کے انفراسٹرکچر، ہائی ویز کو جوڑنے ، فشریز اور پانی و بجلی کی فراہمی کے لیے ترقیاتی پیکج وضع کر رہی ہے۔ وزیراعلی بلوچستان نے اس بات کی توثیق کی کہ علاقے کی آبادی کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے متعدد منصوبے جاری ہیں۔ وزیر اعلیٰ میر عبد القدوس بزنجو نے بتایا کہ گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی ہسپتال کا انتظام انڈس ہسپتال کی انتظامیہ نے سنبھال لیا ہے جس سے صحت کے شعبے میں انقلاب برپا ہوگا ۔انہوں نے بتایا کہ انڈس ہسپتال ملک بھر میں سماجی خدمات اور صحت کے حوالے سے ممتاز شہرت رکھتا ہے اور اب انڈس ہسپتال کراچی کی تمام اعلی معیار اور جدید علاج معالجے کی سہولیات گوادر میں بھی مفت دستیاب ہوں گی ۔ انہوںنے کہاکہ علاج کی سہولتوں کے پیش نظر یہ بلوچستان میں اپنی نوعیت کا پہلا اور واحد ہسپتال ہے جس میں کراچی کے بہترین ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف چوبیس گھنٹے دستیاب ہوں گے ۔