بچوں کا عالمی دن, گوادر پورٹ کے دورے کا اہتمام

بچوں کے عالمی دن کی مناسبت سے چائنہ اوورسیز پورٹس ہولڈنگ کمپنی نے نیو ٹائون گرائمر سکول کے ہونہار اور پوزیشن ہولڈر طلبا ء کو گوادر پورٹ اور فری زون کے دورے پر مدعو کیا ۔اس موقع پر طلباء کی حوصلہ افزائی کے لیے ان میں تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔

سکول کے پرنسپل عبدالکریم نے غیر نصابی سرگرمی کے انعقاد پر چائنہ اوورسیز پورٹس ہولڈنگ کمپنی کے حکام کا شکریہ ادا کیا۔اسسٹنٹ جنرل منیجر چائنہ اوورسیز پورٹس ہولڈنگ کمپنی مسٹر ژی نے پورٹ اور فری زون کا دورہ کرنے والے بچوں کو آگاہی دی ۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو بندرگاہ کی سرگرمیوں کا تعارف کروانے کا مقصد ان میں اس سے متعلق شعور پیدا کرنا اور بندرگاہ کی نوعیت کے ساتھ تعلقات کو بڑھانا ہے۔

انہوںنے کہا کہ براہ راست تجربہ بچوںمیں شعور کی نشوونما اور ان کے سیکھنے میں معاون ثابت ہوتا ہے جس سے ان بچوں کو سوچنے کے عمل بشمول یاد رکھنے، مسئلہ حل کرنے اور فیصلہ کرنے کے عمل میں آسانی ہو گی۔ جب پورٹ اور فری زون کی سرگرمیاں اور کام کرنے والے ماحول کو بچوں کی نشوونما کے مرحلے میں شامل کیا جائے گا تو ان کے ذہن میں پورٹ آپریشنز کے بارے میں ان کے عملی زندگی میں آنے تک ایک مثبت اور دلچسپ خیال پیدا ہو جائے گا۔ مزید برآں انہوں نے کہاکہ یہ دورہ مقامی بچوں کو گوادر پورٹ پر ملکیت کا احساس حاصل دلانے اور انہیں مرکزی دھارے میں لانے کی ایک کوشش ہے ۔طلباء کو سائنٹفک ریسرچ لیبارٹری، گرین ہائوس، 1.2 ایم جی ڈی ڈی سیلینیشن پلانٹ، چائنا بزنس سینٹر اور نو تعمیر شدہ نمائشی مرکز کا دورہ کرایا گیا اور آگاہی دی گئی ۔