سی پیک ، گوادر میں سال بھر میں15 منصوبے مکمل

چین پاکستان اقتصادی راہداری ( سی پیک )کے تحت چین اور پاکستان نے ایک سال میں گوادر میں 15سے زائد منصوبے مکمل کئے ہیں۔ یہ بات وفاقی سیکرٹری منصوبہ بندی سید ظفر علی شاہ نے ایک انٹر ویو میںبتائی ۔

انہوں نے بتایا کہ گوادر میں بجلی اور پانی کے دیرینہ منصوبوں سمیت دیگر منصوبے تیز ی کے ساتھ مکمل کیے گئے ہیں ، گوادر میں 300میگاواٹ کا کوئلے سے چلنے والاپاور پلانٹس ، گوادر کے ماہی گیروں میں دوہزار بوٹ انجن کی تقسیم ، مکران کو نیشنل گرڈ سے منسلک کرنے کے لئے خضدار، پنجگور ٹرانسمیشن لائن، گوادر انٹرنیشنل ائیر پورٹ ، چین پاکستان ٹیکنیکل ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ ،گوادر ایسٹ بے ایکسپریس پراجیکٹ ، گوادر میں پانی کی سپلائی اور ڈسٹربیوشن کی سکیمیں ، پاک چائنا فرینڈ شپ ہسپتال ، گوادر سمارٹ پورٹ، پورٹ پربریک واٹر کی ڈویلپمنٹ ، گوادر سیف سٹی پراجیکٹ ، سٹی پراجیکٹ گوادر فری زون اور گوادر پورٹ کی تعمیر اور پینے کے صاف پانی کے لئے ڈی سیلینشن پلانٹ کے منصوبے شامل ہے، منصوبوں کی تعمیر سے بلوچستان میں ترقی کا دروازہ کھلے گا، ایران سے 100میگاواٹ بجلی کی فراہمی سے گوادر میں لوگوں کو بجلی کی فراہمی میں مزید بہتری آئے گی ۔

ظفر علی شاہ نے بتایا کہ پاکستان کو سیلاب متاثرین کے لیے ڈونر ز کی جانب سے آئندہ مالی سال چارارب ڈالر کی منظوری حتمی مراحل میں ہے جس سے سیلاب زدہ علاقوں میں منصوبوں کو شروع کیا جائے گا،پاکستان نے سی ڈی ڈبلیو پی کے ذریعے 194ارب روپے میں نیشنل فلڈ رسپانس پلان کے لئے منظوری دے دی ہے، بلوچستان کے لئے47ارب روپے مختلف منصوبوں پر خر چ ہوں گے ۔ انہوں نے کہاکہ آئندہ مالی سال میں بلوچستان کے لئے132ارب روپے ترقیاتی منصوبوں کے لئے مختص کیے گئے ہیں 80ارب روپے وزیراعظم کے اقدامات کے تحت یوتھ لون سکیم ، سکالرشپ سکیم ، سپورٹس کے لیے مختص کیے گئے ہیں ، رواں مالی سال 727ارب روپے کے پی ایس ڈی پی میں سے وزارت منصوبہ بندی نے 724ارب روپے جاری کر دیئے ہیں یعنی 100فیصد فنڈز جاری کیے ہیں ، اس میں سے اب تک 643ارب روپے وزارت خزانہ سے جاری ہو چکے ہیں اور 520ارب روپے جاری اور نئی سکیموں پر خرچ ہو چکے ہیں جو کہ 73فیصد بنتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال پی ایس ڈی پی کے لئے 1150ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔