نیوگوادر انٹر نیشنل ائیر پورٹ, ای گیٹس نصب کئے جائیں گے

نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو مسافروں کی سہولت کے لیے بین الاقوامی ہائی ٹیک معیارکے مطابق الیکٹرانک گیٹس (ای گیٹس)سے لیس کیا جائے گا۔ یہ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے اس منصوبے کا حصہ ہے جس کے تحت پاکستان بھر میں مرحلہ وار ای گیٹس کی تنصیب کی جائے گی۔

دیگر ہوائی اڈوں میں جن کے ای گیٹ ہوں گے ان میں اسلام آباد، علامہ اقبال اور جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ شامل ہیں۔مذکورہ پروجیکٹ سیکرٹری اور ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی کی نگرانی میں مکمل کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا)اور فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے)سمیت مختلف قومی اداروں سے بھی تجاویز حاصل کی گئی ہیں۔ای گیٹس پروجیکٹ کے لئے ٹینڈر طلب کئے جائیں گے۔ای گیٹ کی تنصیب سے مسافروں کو بورڈنگ پاس حاصل کرنے کے لئے قطار میں انتظار کرنے کی ضرورت نہیں ہو گی اور وہ اپنے پاسپورٹ اور ٹکٹ کو اسکین کرکے ای گیٹ کے ذریعے اپنے بورڈنگ کارڈ حاصل کر سکیں گے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ذرائع نے بتایا کہ ای گیٹ پاسپورٹ کی بائیو میٹرک چپ میں موجود ڈیٹا استعمال کرتا ہے، یہ نئی ٹیکنالوجی مسافروں کو بین الاقوامی سفر کی سہولت فراہم کرے گی۔ اس نظام کے تحت مسافر چہرے، فنگر پرنٹ، آئرس کی شناخت یا مجموعی طریقہ کار کے ذریعے بائیو میٹرک تصدیق سے گزرتے ہیں جس کے بعد مسافر کے لیے گیٹ خود بخود کھل جائے گا۔