چینی کمپنی کا فائبر آپٹیکل کیبل کی تنصیب کا منصوبہ

چینی کمپنی نے ڈیجیٹل لائزیشن اور نیٹ ورکنگ کے عمل کو تیز کرنے کیلئے پاکستان میں 16ہزار کلومیٹر طویل فائبر آپٹیکل کیبل کی تنصیب کے منصوبے پر کام شروع کردیا ہے ۔یہ بات سن واک پرائیویٹ لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مسٹر ٹونی لی نے ایک تقریب کے دوران بتائی ۔

مذکورہ چینی کمپنی پہلے ہی پاکستان میں 5 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کر چکی ہے اور اب مختلف پبلک سیکٹر ڈیپارٹمنٹس سے رائٹ آف وے حاصل کرنے کے بعد دیگر حصوں میں آپٹیکل فائبر بچھانے کیلئے 100 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔مسٹر ٹونی لی نے کہا کہ سن واک تیزی سے تعیناتی اور آئی ٹی یو،ٹی سٹینڈرڈزکے مطابق معیار پر توجہ مرکوز کر رہی ہے۔

سن واک گروپ کے چیئرمین مسٹر ہو زنگ وانگ نے تقریباً 2 ماہ قبل ایک ملاقات میں وفاقی وزیر برائے آئی ٹی سید امین الحق کو بتایا تھاکہ سن واک گروپ بہت جلد ملک بھر میں فائبر کیبل بچھانے کا منصوبہ خاطر خواہ سرمایہ کاری سے شروع کرے گا، سن واک گروپ پاکستان کی چیف بزنس آفیسر افشاں ملک نے کہا کہ فیز 1 اسلام آباد سے ملتان کا سنگ بنیاد 18 مئی کو رکھا گیا ، سن واک سرکاری محکموں سے رائٹ آف وے جاری کرنے کے عمل میں ہے لہٰذاہم اپنے کام کو فوری طور پر آگے بڑھا سکتے ہیں، کیونکہ رائٹ آف وے حاصل کرنے کے بعد ہم 100 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سن واک گروپ نے پہلے ہی خضدار میں5 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے جہاں کوئی تجارتی فائبر دستیاب نہیں تھا،ہمارا بنیادی منصوبہ پورے پاکستان میں آپٹیکل فائبر کی تنصیب ہے۔