چین, کاٹن او ررائس کے بیج کی فراہمی کیلئے تعاون کریگا

چین کے قونصل جنرل زائو شیرین نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے وزیراعلیٰ آفس میں ملاقات کی جس میں زراعت، لائیوسٹاک او رانفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں اشتراک کار مزید بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں باہمی تعاون اوردوطرفہ اشتراک کومزیدفروغ دینے پر اتفاق کیا گیا اور اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ چین پنجاب میں کاٹن او ررائس کے ہائی کوالٹی بیج کی فراہمی کے لئے تعاون کرے گا اور کاٹن ریسرچ اورمیکانزیشن کے لئے بھی چینی ماہرین سے استفادہ کیاجائے گا۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے چین کو پنجاب سے میٹ ایکسپورٹ کی پیشکش کی۔

چینی قونصل جنرل نے پنجاب کیلئے حلال میٹ سرٹیفکیشن کے اجراء میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات میں جدیدکیٹل فارمنگ کے حوالے سے چین کے تجربے سے فائدہ اٹھانے پر اتفاق کیا گیا۔ لاہور میں چین کے قونصلیٹ کے تعاون سے ایس پی یو کے جوانوں کو چینی زبان سکھائی جائے گی ۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ زراعت ، لائیوسٹاک ، انفارمیشن ٹیکنالوجی او ردیگر شعبو ںمیں چین کے تعاون کاخیر مقدم کریںگے۔ چینی قونصل جنرل زائو شیرین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کاٹن کے فروغ کیلئے چائنہ نیشنل کاٹن ایسوسی ایشن اپٹما کے ساتھ اشتراک کارکررہی ہے ۔زراعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے لئے نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کا ویژن قابل تحسین ہے۔