چین کے اشتراک سے لوبان ورکشاپ کا قیام

گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن ٹریننگ اتھارٹی(ٹیوٹا)سیکرٹریٹ میں چین کے اشتراک سے قائم کی گئی لوبان (Lu Ban ٰ)ورکشاپ کا دورہ کیا۔

اس موقع پر سیکرٹری انڈسٹریز پنجاب اسد اللہ فیض ، چیف آپریٹنگ آفیسر احمد خاور شہزاد اور سینئر ڈائریکٹر جنرل اختر عباس بھروانہ بھی موجود تھے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ آج کا دور آئی ٹی اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا ہے اور وہی قومیں آگے بڑھ رہی ہیں جو فنی اور تکنیکی تعلیم و تربیت میں آگے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن ٹریننگ اتھارٹی انڈسٹری سے روابط مضبوط بنا کر طلبا ء کے لئے روزگار کے مواقع فراہم کرے۔چین کے اشتراک سے قائم کی گئی لوبان ورکشاپ سے نوجوان طلبا ہنر مند بن رہے ہیں جس سے یقینا کئی خاندان معاشی طور پر خود کفیل اور خوشحال ہو ں گے۔ ورکشاپ میں طلبا ء کی تعداد کو مزید بڑھانا چاہیے تاکہ زیادہ سے زیادہ طلبا تربیت حاصل کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ فنی تعلیم ہی انسانی ترقی کا قابل اعتماد وسیلہ اور ملکی خوشحالی کا ضامن ہے۔گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے مزید کہا کہ جامعات میں 07 کنسوشیم بنائے ہیں جن میں سے ایک سائنس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی پر ہے اور اس کا مقصد اکیڈیمیہ اور انڈسٹری کے روابط کو مضبوط کرنا ہے۔ گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے لوبان ورکشاپ میں تربیت حاصل کرنے والے نوجوان طلبا ء سے بات چیت بھی کی۔اس موقع پر سینئر ڈائریکٹر جنرل ٹیوٹا سیکرٹریٹ اختر عباس بھروانہ نے گورنر پنجاب کو ادارے کی کارکردگی کے بارے میں تفصیلی آگاہ کیا۔