گوادر, ایران سے 100 میگاواٹ بجلی کی فراہمی

یکم مارچ سے گوادر کو 100 میگاواٹ اضافی بجلی ایران سے ملے گی۔  انشاء اللہ گوادر کو 24/7 بجلی کی فراہمی ہوگی، اس سے گوادر میں صنعت، سیاحت اور رئیل اسٹیٹ کے کاروبار کو فروغ ملے گا  ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے) مجیب الرحمان قمبرانی    نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیا۔

گوادر کی بجلی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے پاکستان اور ایران کی حکومتوں نے جون 2022 میں 100 میگا واٹ اضافی بجلی کی فراہمی کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے گزشتہ سال اپنے دورہ گوادر کے دوران متعلقہ حکام کو ہدایت کی تھی کہ اس منصوبے کو مختصر مدت میں مکمل کیا جائے۔

مزید یہ کہ سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) نے گزشتہ جون میں جیوانی سے گوادر تک 132 کے وی  ٹرانسمیشن لائن کی منظوری دی تھی۔ 132 کے وی  کے دوسرے سرکٹ سٹرنگنگ کی تعمیر، جیوانی سے گوادر (94 کلومیٹر) تک ٹرانسمیشن لائن کی تعمیر کے نام سے یہ منصوبہ   2,322.940 ملین روپے  کی لاگت  سے مکمل کیا جائے گا۔

گوادر ایران سے درآمد شدہ بجلی پر انحصار کرتا ہے اور 132  کے وی  لائن کی تعمیر سے  ساحلی شہر پہلی بار نیشنل گرڈ سے منسلک ہو جائے گا۔