گوادر شہر کی سکیورٹی پولیس ، لیویز کے سپردہ:آصف غفور

کور کمانڈر بلوچستان لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ تین ماہ بعد گوادر شہر کی سکیورٹی مکمل طور پر پولیس اور لیویز کے حوالے کردی جائے گی اور شہر میں ایک بھی بندوق بردار اہلکار نظر نہیں آئے گا ، آرمی چیف بہت جلد گوادر کا دورہ کریں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دورہ گوادر کے موقع پر خطاب کے دوران کیا ۔انہوں نے کہا کہ اگلے تین سے چار ماہ کے اندر فورسز گوادر میں واپس اپنی اسٹیشنوں تک محدود رہیںگی اور شہر میں بھی بندوق بردار فورسز کا اہلکار نظر نہیں آئے گا۔شہر کی سکیورٹی مکمل طور پر پولیس اور لیویز کے سپرد کی جائے گی ۔انہوں نے کہا بہت جلد آرمی چیف بھی گوادر کا دورہ کریں گے۔

کورکمانڈر بلوچستان لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور نے ایک روزہ دورہ پر گوادرپہنچنے پر کرکٹ اسٹیڈیم گوادر میں عمائدین شہر، سیاسی پارٹیوں کے رہنمائوں، صحافی برادری، انجمن تاجران اور شہریوں سے ملاقات کی ۔اس موقع پر سینیٹر کہدہ بابر، جی او سی 44 ڈویژن، کمشنر مکران، ڈپٹی کمشنر گوادر، ڈی پی او گوادر بھی موجود تھے۔کورکمانڈر لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور نے گوادر شہر کی امن و امان اور ترقی و بہبود کے لئے شہریوں سے تجاویز مانگیں اور کہا کہ گوادر شہر ہم سب کا گھر ہے، گھر کی توڑ پھوڑ نہیں ہونی چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ دھرنوں سے مسئلے مسائل حل ہونے والے نہیں بلکہ مل کر کام کرنے سے مسائل حل ہوتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ گوادر کے مسائل پر ایک کمیٹی بنادیں اور اس کمیٹی میں شہر کے مختلف طبقائے زندگی کے لوگوں کو شامل کردیں اور کمیٹی میں شامل لوگوں کے ناموں کی لسٹ ڈپٹی کمشنر کے حوالے کردیں ۔کمیٹی شہر کے مختلف مسائل کی نشاندہی کرکے اپنی تجاویز وقتافوقتا پیش کرتی رہے گی۔ہم سب سول انتظامیہ اور عوام کے ساتھ مل کر ان مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ گوادر میونسپل کمیٹی بہت ہی اہمیت کا حامل ہے، گوادر ایم سی کے 41 کونسلروں کے کندھوں پر عوام نے بہت ہی بھاری ذمہ داری عائد کر رکھی ہے،اس وقت یہ 41 کونسلران ہی گوادر سٹی کے اصل حاکم ہیں لیکن افسوس اس وقت صرف ایک، دو ہی کونسلر یہاں موجود ہیں۔