گوادر کے ماہی گیروں کیلئے بڑا اعلان

گوادر کے ماہی گیروں کو صحت کارڈ کی فراہمی کے اعلان کے بعد اپنی چھت فراہم کرنے کیلئے پیشرفت ہوئی ہے ۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے ضلع گوادر میں کم آمدنی والے مقامی ماہی گیروں کیلئے ہاؤسنگ اسکیم (فشرمین کالونی ) کے قیام کی منظوری دے دی جس کے تحت گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے زیر انتظام بورڈ آف ریونیو ماہی گیر ہاؤسنگ اسکیم (کالونی) کے لئے200 ایکڑ اراضی گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو فراہم کرے گا اور اس منصوبے کے قیام کے لیے ابتدائی طور پر 300ملین روپے رکھے جائیں گے ۔

وزیر اعلیٰ نے یہ منظوری محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کی جانب سے ارسال کی گئی ایک سمری پر دی ۔ہاؤسنگ کالونی کے قیام سے مقامی ماہی گیروں کے رہائش کے مسائل حل ہوں گے اور ان کا معیار زندگی بلند ہوگا ۔ماہی گیروں نے وزیراعلیٰ بلوچستان کے اقدام کو سراہتے ہوئے ان سے اظہار تشکر کیا ہے ۔

(سٹاف رپورٹ)