گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے گوادر میں بلوچ قوم کے عظیم سردار میر چاکراعظم رند کا مجسمہ نصب کردیا ،چاکر اعظم 1468 سے لے کر1565 عیسوی تک بلوچ قوم کے عظیم سردار رہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز گوادر میں گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے زیر اہتمام میر چاکراعظم رند کا مجسمہ نصب کردیا گیا ۔
مجسمہ کی نقاب کشائی ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات گوادر مجیب الرحمٰن قمبرانی نے کی۔مجسمہ بلوچستان کے ساحلی شہر اور ملک کے مستقبل کے معاشی مرکز گوادر کی اہم شاہراہ میرین ڈرائیو پر پدی زر پارک کے ساتھ جی ڈی اے آفس کے سامنے نصب کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ میر چاکر خان رند بلوچ تاریخ میں ایک اہم مقام رکھتے ہیں جو 1468 سے لے کر1565 عیسوی تک بلوچ کے عظیم سردار رہے ۔چاکر اعظم نے مغل بادشاہ ہمایوں کو بر صغیر میں دوبارہ فاتح ہونے کے لئے مدد فراہم کی۔ چاکر اعظم رند کو بلوچوں کا فوک ہیرو بھی سمجھا جاتا ہے۔