گوادر کی ترقی و خوشحالی دوسرے ممالک کے بھی مفاد میں ہے، پاکستان کے ساتھ سالانہ تجارتی حجم ڈیڑھ ارب ڈالر سے بڑھا کر 5ارب ڈالر تک لے جانے کی کوشش کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار کوئٹہ میں تعینات ایرانی قونصل جنرل حسن گولیوند درویش نے گوادر کے دورہ کے موقع پر ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی مجیب الرحمن قمبرانی سے ان کے دفتر میں ملاقات کے دوران کیا ۔
ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے نے ایرانی قونصل جنرل کو گوادر سے متعلق تفصیلی بریفننگ دی اور گوادر اسمارٹ پورٹ سٹی ماسٹرپلان پر عملدرآمد اور ان میں شامل ترقیاتی منصوبوں سے متعلق آگاہی فراہم کی۔ قونصل جنرل حسن گولیونددردویش نے گوادر کی ترقی اور ماسٹر پلان میں موجود منصوبوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ گوادر کی ترقی و خوشحالی دوسرے ممالک کے بھی مفاد میں ہے، ہم پاکستان کے ساتھ سالانہ تجارتی حجم ڈیڑھ ارب ڈالر سے بڑھا کر 5ارب ڈالر تک لے جانے کی کوشش کررہے ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل مجیب الرحمن قمبرانی نے بتایا کہ ایران کی طرف سے 100میگاواٹ اضافی بجلی کی فراہمی بطور برادر اسلامی ہمسایہ ملک کے درمیان مضبوط دوستی کا عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماسٹر پلان کے تحت پچیس سو ایکڑ اراضی پر مشتمل سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ یعنی ڈائون ٹائون اور بیس ہزار ایکڑ پر مشتمل صنعتی زون قائم کررہے ہیں جن کی تکمیل سے گوادر عالمی سطح پر ایک بین الاقوامی معاشی اور سیاحتی شہر بن جائے گا جو کہ نہ صرف ملکی بلکہ خطہ کی خوشحالی کا ضامن ہوگا۔ ملاقات میں چہابہار اور گوادر کے درمیان کاروباری، سیاحتی، ثقافتی روابط کو اجاگر کرنے کیلئے وفود کے تبادلوں پر اتفاق کیا گیا۔