بلوچستان, 700ارب حجم کا بجٹ 16جون پیش کیا جائے گا

بلوچستان کا آئندہ مالی سال کیلئے 700ارب روپے سے زائد مالیت کا بجٹ 16جون کو پیش کیا جائے گا۔رپورٹ کے مطابق آئندہ مالی سال کا بجٹ 120ارب روپے کے خسارے کا بجٹ ہوگا۔رواں مالی سال کے دوران بلوچستان میں سیلاب کے دوران ہونے والے اخراجات، ترکیہ اور شام کے زلزلہ زدگان کے لئے دی گئی امداد کی وجہ سے صوبے نے کم و بیش 40ارب روپے کے اضافی اخراجات کئے ہیں جس کی وجہ سے ترقیاتی بجٹ کا حجم متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔

محکمہ خزانہ کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ آئندہ مالی سال کے دوران ترقیاتی بجٹ 200ارب روپے کے لگ بھگ ہوسکتا ہے جس میں صوبے کے تمام صوبائی حلقوں کو یکساںبنیادوں پر ترقیاتی فنڈز دئیے جائیں گے ۔مختلف محکموں میں پانچ ہزار سے زائد ملازمتیں فراہم کرنے اور سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی بھی تجویز ہے۔محکمہ خزانہ کے مطابق رواں مالی سال کے دوران صوبے کے اپنے محصولات سے آمدن 35ارب سے زائد ہونے کا امکان ہے ۔ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں بنیادی سہولیات کی فراہمی ، صحت، تعلیم سمیت دیگر شعبوں کی موجود عمارتوں کی فعالی ، لنک روڈز سمیت دیگرمنصوبوں کو ترجیح دی جائے گی۔