سی پیک پر 26ارب ڈالر کی لاگت:چینی قونصل جنرل

چین کے قائمقام قونصل جنرل چائو کی نے کہا ہے کہ چین سی پیک منصوبے پر اب تک 26 ارب ڈالر خرچ کر چکا ہے، پاکستان کی ترقی میں چین اپنا ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا ،چین پاکستان کو علاقائی سفارتکاری میں سب سے زیادہ اہمیت دیتا ہے،چین اور پاکستان سی پیک منصوبے کی تعمیر کے لئے دوستی ، تعاون ، سٹرٹیجک ہم آہنگی اور گہرے مضبوط تعلقات کا پرچم ہمیشہ بلند رکھیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں چین کی آزادی کی 74ویں سالگرہ کی تقریب کے موقع پر خطاب کے دوران کیا۔ نگران وزیر اعلی محسن نقوی ، گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن ،سابق وزیرخارجہ خورشید محمود قصوری ، نگراں وزرا ء عامر میر ، ڈاکٹر جاوید اکرم ، لاہور میں امریکی قونصل جنرل کرسٹن ہاکنز، ایرانی قونصل جنرل مہران موحدفر اور ترکی کے قونصل جنرل درمس بستوگ ،آئی آئی آر ایم کے چیئرمین محمد مہدی، صنعتکاروں ، کاروباری برادری سے تعلق رکھنے والے اہم بزنس مینوں سمیت پاکستان میں کام کرنے والی چینی کمپنیوں کے اعلی عہدیداروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

قائمقام چینی قونصل جنرل چائو کی نے کہا کہ 2023کے پہلے چھ ماہ کے دوران چین کی معاشی گروتھ 5.5فیصد رہی جو کہ دنیا کی بڑی معیشتوں میں سب سے اوپر ہے ،چین نے اپنی ترقی کی بنیاد پر دنیا کو ترقی کے نئے مواقع دیئے۔ نائب صدر لی فنگ نے دورہ پاکستان میں شہباز شریف حکومت کے ساتھ پاکستان کی معاشی ترقی کے لئے چھ اہم معاہدے کئے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب پاکستان کا ثقافتی، معاشی اور تعلیمی مرکز ہے۔