چین کی 74ویں سالگرہ, کیک کاٹنے کی تقریب

عوامی جمہوریہ چین کے قومی دن کی74 ویں سالگرہ کی تقریب منعقد ہوئی جس میں گورنرپنجاب بلیغ الرحمان اورنگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔وفاقی وزیر فواد حسن فواد،صوبائی وزرا ء ایس ایم تنویر،اظفر علی ناصر، عامر میر،جمال ناصر،ابراہیم مراد،چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، امریکہ کی قونصل جنرل، ایران کے قونصل جنرل اور دیگر شخصیات نے تقریب میں شرکت کی۔

گورنر پنجاب بلیغ الرحمان،وزیراعلی محسن نقوی،صوبائی وزرا ء اور چیف سیکرٹری نے چین کے قائمقام قونصل جنرل چا ئوکی کے ساتھ مل کر کیک کاٹا۔گورنر پنجاب بلیغ الرحمان اور وزیراعلی محسن نقوی نے چین کے قومی دن پر قائمقام چینی قونصل جنرل کو مبارکباد دی۔قائمقام چینی قونصل جنرل نے گورنر پنجاب اور وزیراعلی کا شکریہ ادا کیا او رکہاکہ وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کاحالیہ دورہ چین پاک چین تعلقات کے لئے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ وزیراعلی محسن نقوی نے کہاکہ پاک چین تعلقات کا نیادورشروع ہوچکا ہے، دونوں ممالک کے درمیان زندگی کے تمام شعبوں میں تعاون کی مزید نئی راہیں کھولے گا-دورہ چین کے دوران غیر معمولی پذیرائی ملی جس پرننشیا کے پارٹی سیکرٹری او رچینی قیادت کا شکرگزار ہوں۔ پاکستان اورچین ایک روشن اورپرامن مستقبل کیلئے شانہ بشانہ کھڑے ہیں – چین ہمارا ہر موسم کا دوست،مضبوط شراکت دار اور قابل اعتماد پڑوسی ثابت ہوا ہے۔ حکومت پنجاب مختلف شعبوں میں چین کی حمایت اور تعاون پر شکرگزار ہے-گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے کہاکہ وزیراعلی پنجاب اور ان کی کابینہ نے چین کا کامیاب دورہ کیا۔اس دورے کے دوران تعاون بڑھانے کے حوالے سے حوصلہ افزا اورمثبت بات چیت ہوئی۔ساہیوال اور بہاولپور کو چینی شہروں کے ساتھ سسٹر سٹی قرار دینے کے معاہدے ہوئے۔ پاکستان اور چین ہر موسم کے دوست ہیں۔ تقریب کے آغاز پر پاکستان اور چین کے قومی ترانے بجائے گئے۔