پاکستانی طلباء کیلئے چینی زبان کے آن لائن کورسز

آن لائن چینی کورسز سے پاکستانی طلبا ء کو فائدہ ہو گا ، چینی زبان سیکھنا دور حاضرکے تقاضوں میں سے ایک ہے، چینی زبان طلبا ء کی عملی زندگی میں ان کا اثاثہ بنے گی۔پاکستان کی بہاائولدین زکریا یونیورسٹی ، چین کی شین یانگ نرمل یونیورسٹی اور چائنا پلس نے آن لائن چائنیز کلاس روم کی مشترکہ ورکنگ کانفرنس اور لرننگ اچیومنٹ ڈسپلے کا آن لائن انعقاد کیا۔ یہ پروگرام 2021 میں شروع کیا گیا تھا جو پاکستانی طلبا ء کو چینی زبان کے مختلف کورسز مفت فراہم کرتا ہے۔

اب تک 500 سے زائد طلبا ء چینی زبان کے بنیادی کورسز سیکھ چکے ہیں۔ ایس وائی این یو میں چینی زبان کے بین الاقوامی دفتر کے ڈائریکٹر ڑانگ وی نے خطاب کرتے ہوے کہا کہ کانفرنس میں آن لائن چینی زبان کا کورس مکمل کرنے والے 150 طلبا ء میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ اس تعلیمی سال میں بہاائولدین زکریا یونیورسٹی پاکستان میں 10 آن لائن چینی کورسز پیش کیے جاتے ہیں۔ بہاائولدین زکریا یونیورسٹی کے شعبہ ریاضی کے تمام انڈر گریجویٹ طلبا ء نے ایچ ایس کے ون سطح کا کورس لازمی کورس کے طور پر لیا ہے۔ اعلی سطح پر طلبا ء کی ضرورت کو پورا کرنے کیلئے ایچ ایس کے تھری سطح کا نیا کورس ترتیب دیا گیا ہے۔

ایس وائی این یو کے نائب صدر ٹونگ یوپنگ نے کہاکہ ہمارے سکول میں کمپیوٹر، کیمسٹری، حیاتیات، طبیعات، خوراک اور دیگر شعبوں میں بھی فوائد ہیں، مستقبل میں ہم بہاائولدین زکریا یونیورسٹی کے ساتھ مزید معیاری کورسز کی سرگرمی سے منصوبہ بندی کریں گے۔ بہائو الدین زکریا یونیورسٹی کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر محمد عزیر نے کہا کہ چینی زبان سیکھنا دور حاضر کے تقاضوں میں سے ایک ہے۔ جن طلباء نے آن لائن کورسز مکمل کیے ہیں وہ یقینا مبارکباد کے مستحق ہیں۔ میں امید کرتا ہوں کہ چینی زبان نہ صرف ان کے لیے علم کے دروازے کھولے گی بلکہ ان کی عملی زندگی میں بھی ان کا اثاثہ بنے گی۔