پاکستان, سمندری غذائوں کی برآمدات میں اضافہ

پاکستان کی چین کو سمندری خوراک کی برآمدات میں 2022 میں 42 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کا مجموعی مالی حجم198.36 ملین ڈالر تک پہنچ گیا ،2021 میں سمندری خوراک کی برآمدات کا مجموعی مالی حجم 139.29 ملین ڈالر تھا ۔

اعدادوشمار کے مطابق چین کو پاکستان کی سمندری خوراک کی برآمدات میں اضافے کی بڑی وجہ چینی باشندوں کی مچھلی کی بڑھتی ہوئی مانگ اور چینی ریستورانوں میں پاکستانی مچھلی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت ہے، جس کی وجہ سے 2020 سے ہر سال پاکستانی سمندری غذا کی برآمدات میں اضافے کا رجحان جاری ہے۔اعدادوشمار کے مطابق چین کو 2022 میں منجمد مچھلی کی 63.31 ملین ڈالر سے 30,637.8 ٹن سے زائد برآمدات ہوئیں جو 2021 میں 182,829. ٹن سے زائد اور33.43 ملین ڈالر کی سطح پر تھی ۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان سے مچھلی اور دیگر سمندری غذا کی برآمدات اس سال کے دوران مستحکم شرح سے بڑھتی رہیں گی، کیونکہ مزید ممالک معیاری سمندری غذا کی مصنوعات کے برآمد کنندہ کے طور پر پاکستان کی صلاحیت کو تسلیم کرتے ہیں۔سمندری خوراک کے برآمدکنندہ محمد عامر نے بتایا کہ مچھلی اور دیگر سمندری غذا ئوںکی چین کے لئے مانگ میں اضافہ ہو رہا ہے کیونکہ چینی صارفین صحت کے حوالے سے زیادہ محتاط ہو رہے ہیں۔بڑھتی ہوئی مانگ نے ماہی گیری کی صنعت میں ملازمتیں پیدا کرنے میں بھی مدد کی ہے جس سے ملک بھر میں ہزاروں لوگوں کو روزگار کے مواقع مل رہے ہیں۔