پاک چین ،باہمی ترقی ،سکیورٹی بڑھانے کیلئے عزم کا اظہار

پاکستان اور چین نے باہمی ترقی اور سکیورٹی کیلئے تعاون کو مزید بڑھانے کیلئے پختہ عزم کا اظہار کیا ہے جبکہ نگراں وفاقی وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے چینی ہم منصب کو پاکستان میں چینی باشندوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

وزارت داخلہ کے مطابق نگراں وفاقی وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے چینی ہم منصب وانگ ژائو ہانگ سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستانی وفد کے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر چینی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کا آزمایا ہوا اور سدا بہار سٹرٹیجک دوست ملک ہے۔ سرفراز بگٹی نے پاکستان میں مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے چینی باشندوں کیلئے سکیورٹی اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ چینی وزیر برائے پبلک سکیورٹی وانگ ژائو ہانگ نے دہشتگردی اور منشیات کی روک تھام کیلئے حکومت پاکستان کے مضبوط عزم اور اقدامات کو سراہا۔