چینی سفیر کی نگراں وزیر منصوبہ بندی سے ملاقات

نگراں وزیر منصوبہ بندی سمیع سعید سے چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے ملاقات کی ۔ملاقات میں سیکرٹری وزارت منصوبہ بندی اویس منظور سمرا بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر سی پیک کے جاری منصوبوں، توانائی، انفراسٹرکچر، انڈسٹریل زونز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران ایگری کلچرل اور انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

نگراں وزیر منصوبہ بندی سمیع سعید نے کہا کہ حکومت سی پیک کے جاری منصوبے تیزی سے مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے بتایا کہ وزارت باقاعدگی سے منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیتی ہے، سی پیک کے تحت اسپیشل اکنامک زونز کا کام تیزی سے جاری ہے۔نگراں وزیر منصوبہ بندی سمیع سعید نے چین کے سفیر کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد بھی دی۔انہوں نے کہا کہ وزارت منصوبہ بندی سی پیک کے منصوبوں پر بھرپور کردار ادا کر رہی ہے، جسے چین قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ چینی سفیر نے کہا کہ بی آر آئی فورم انتہائی اہمیت رکھتا ہے، جس میں پاکستان کی نمائندگی انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔چین کے سفیر نے بی آر آئی فورم 2023 میں نگراں وزیر منصوبہ بندی سمیع سعید کو دعوت بھی دی۔